رینجرز اہلکاروں کو گاڑی کے نیچے کچلنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )رینجرز اہلکاروں کو گاڑی کے نیچے کچلنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کروا دی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے رینجرز اہلکاروں کو گاڑی کے نیچے کچلنے کے واقعے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروائی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان سری نگر ہائی وے پر شرپسندوں کی جانب سے 3 رینجرز اور 1 پولیس اہلکار کو کچلنے کی شدید مذمت کرتا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نامی شدت پسند تنظیم نے ایک منصوبہ بندی کے تحت وفاق پر چڑھائی کی ہے۔ قرارداد میں شدت پسندوں کے گروہوں پر سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے اور پولیس کی 20 سے زائد گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا گیا۔
قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ شدت پسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔