بیوی نے مبینہ آشنا کے ساتھ ملکر ضعیف العمر شوہر کو قتل کرکے گھر میں دفنا دیا، خاتون کا اعتراف جرم

جیکب آباد (آئی این پی)جیکب آباد میں جواں سال بیوی نے مبینہ آشنا کے ساتھ ملکر ضعیف العمر شوہر کوکلہاڑی سے قتل کرکے گھر کے کمرے میں دفنا دیا، پولیس نے بیوی کو گرفتار کرلیا، بیوی نے قتل کا اعتراف کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے صدر تھانہ کی حدود گاؤں احمد میاں سومرو میں جواں سال بیوی نے اپنے مبینہ آشنا کے ساتھ ملکر اپنے ضعیف العمر شوہر کو کلہاڑیوں کے وار کرکے قتل کردیا اور گھر کے کمرے میں ہی بغیر غسل و کفن کے دفنا دیا۔
پولیس کے مطابق اہل محلہ کی اطلاع پر پولیس نے گھر پرچھاپہ مارکر کمرے کے اندر دفنائے گئے 55 سالہ عبدالغفار ابڑو کی لاش نکالی تو مقتول کے چہرے اور جسم کے دوسرے حصوں پر تیز دھار آلے سے وار کئے ہوئے تھے، لاش کو نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتا ل منتقل کیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے دوران پولیس نے مقتول کی بیوی 25 سالہ بشیراں ابڑو کو حراست میں لیا اور تفتیش کی تو بیوی نے شوہر کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے جائزہ لے رہے ہیں جلد تمام حقائق سامنے آجائیں گے ذرائع کے مطابق بیوی نے اپنے مبینہ آشنا کے ساتھ ملکر اپنے شوہر کو قتل کیا۔
ایس ایس پی جیکب آباد صدام حسین خاصخیلی نے شہری کے قتل اور اس کی لاش گھر کے کمرے میں دفن کرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی صدر اور ایس ایچ او صدر سے مکمل رپورٹ طلب کرلی ہے، ایس ایس پی کے مطابق خفیہ معلومات کی بنا پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تدفین شدہ لاش کو اپنی تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا ہے جلد ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔