متروکہ وقف املاک بورڈ کے اسسٹنٹ سیکیورٹی آفیسرکامحکمہ میں کرپشن انکشاف
لاہور(فلم رپورٹر)متروکہ وقف املاک بورڈ کے اسسٹنٹ سیکیورٹی آفیسر ملک زاہد نے بورڈ کے سیکرٹری طارق وزیر کو تحریری درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ مجھے ادارے کی بھلائی کے حوالے سے جو کام بتائیں جاتے ہیں میں ان کو بڑی ذمہ داری اور ایمانداری سے انجام دیتا ہوں ۔درخواست گذار ملک زاہد کا کہنا ہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کی سیکیورٹی سیل میں بہت کرپشن ہے لہٰذا اس کا چار سالہ فرانزک آڈٹ بھی کروایا جائے ۔تاکہ اسلحہ،یونیفارم،کیمرے ،جعلی ٹوورز سمیت دیگر معاملات میں جو گھپلے کئے جا رہے ان کو منظر عام لا کر فوری کارروائی کی جائے۔ملک زاہد کا ’’پاکستان‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گرودواروں میں لگائے جانے والے کیمروں میں اب تک لاکھوں روپے کی کرپشن کی جا چکی ہے ۔جس قیمت پر یہ کیمرے لگوائے گئے ہیں میں اس سے آدھی قیمت پر یہ کیمرے لگوا کر دے سکتا ہوں۔سیکیورٹی سیل میں کوئی مستقل سینئرآفیسر تعینات کیا جائے جونیئر لوگوں کی وجہ سے بے پناہ کرپشن کی جارہی ہے۔متروکہ وقف املاک بورڈ کے سیکرٹری مجھے بطور اے ایس او کو آرڈینیشن بہتری لانے کیلئے کام بتائیں تاکہ میرے کام میں مزید بہتری ممکن ہوسکے۔ملک زاہدکا مزید کہنا تھا کہ سیل میں ہونے والی کرپشن کے بارے میں نشاندہی کرنے کی وجہ سے مجھے جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔مجھے کسی دھمکی سے مرعوب نہیں کیا جا سکتامیں بلا خوف خطر اپنا کام جاری رکھوں گا۔