پاک بھارت کشیدگی ، پاکستان نے مخصوص علاقوں میں فضائی حدود تمام ایئرلائنز کیلئے بند کر دیں
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان نے بھارت کو زور دار جواب دیتے ہوئے دشمن کے دو جنگی طیاروں کو زمین بوس کر دیا ہے اور ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کر لیا ہے تاہم اس کے بعد بھی پاکستان الرٹ ہے اور لاہور اور شمالی علاقوں کے ایئرپورٹس پروازوں کیلئے بند کردیئے ہیں تاہم کراچی میں آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے مذکورہ فضائی حدود کمرشل پروازوں کیلئے بند کر دی ہیں اور اس حوالے سے ملک میں آنے والی تمام پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے جبکہ روانہ ہونے والی پروازوں کو منسوخ کردیا گیا ہے ۔
سول ایوی ایشن کی جانب سےپی آئی اے سمیت تمام انٹر نیشنل ایئر لائنز کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور ملک بھر میں فضائی ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔
یاد رہے کہ پاک فوج نے پیغام جاری کرتے ہوئے پاک فضائیہ کی کارروائی کی تصدیق کر دی ہے جبکہ ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے ۔