موسمیاتی تغیر ، معاشرے کو لاحق خطرات سے بچاؤ کی تدابیر آئندہ نسلوں کی بقاء کا مسئلہ ہے : انیسہ زیب

موسمیاتی تغیر ، معاشرے کو لاحق خطرات سے بچاؤ کی تدابیر آئندہ نسلوں کی بقاء کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کی وزیر معدنی ترقی و محنت اور اراکین صوبائی اسمبلی کی استعداد کار بڑھانے کیلئے قائم سٹیئرنگ کمیٹی کی چیئر پرسن انیسہ زیب طاہر خیلی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تغیر کی وجہ سے معاشرے و ماحول کو لاحق خطرات سے ممکنہ بچاؤ کیلئے تدابیر اٹھانا ہماری اگلی نسلوں کی بقا ء کا مسئلہ ہے اور اس ضمن میں دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ عوامی منتخب نمائندوں کا بھی کلیدی کردار ہے تاکہ اس مشترکہ مقصد کے حصول میں ہم کامیابی سے ہمکنار ہو سکیں اور اپنی آنے والی نسلوں کو ان ممکنہ خطرات سے محفوظ بنایا جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام( UNDP) برائے پاکستان کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کے دوران کیا جنہوں نے اسد میکن کی سربراہی میں صوبائی وزیر سے ملاقات کی۔ وفد میںیو این ڈی پی کے دیگر نمائندے قریش خان، دینا ناز اور بلال خٹک شامل تھے جبکہ اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے سپیشل سیکرٹری عطا اﷲ و دیگر بھی موجود تھے۔وفد نے صوبائی وزیر سے خیبر پختونخوا اسمبلی کے اراکین کو موسمیاتی تغیر کے خطرات سے متعلق آگاہی پروگرام کے بارے میں ایک مجوزہ منصوبے پر تبادلہ خیال کیا۔ واضح رہے کہ یو این ڈی پی پاکستان صوبے کے قانون سازوں کو صوبائی ترقیاتی پروگرام میں موسمی تغیرات کے پیش نظر لاحق خطرات سے بچاؤ کی طرف توجہ دینے کے سلسلے میں آگہی منصوبہ شروع کرنا چاہتی ہے جسکی رو سے اقوام متحدہ کا مذکورہ ادارہ اراکین اسمبلی کی استعداد کار بڑھانے اور ایک مشترکہ سوچ پیدا کرنے کیلئے آگاہی منصوبہ شروع کرے گا جو کہ منتخب نمائندوں کیلئے اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے۔صوبائی وزیر نے یواین ڈی پی کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کا مذکورہ ادارہ صوبائی اسمبلی کے اراکین کی استعداد کار بڑھانے میں خاطر خواہ معاونت کر رہا ہے اور ادارے کی موسمیاتی تغیرات کے بارے میں ہمارے ساتھ تعاون بھی انتہائی مفید ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی بدولت ماحولیاتی تغیر کے بارے میں صوبے کے مالی پروگرام کے حوالے سے قانون سازوں کا کردار بڑھے گا اور اس طرف عوام کے منتخب نمائندوں کی توجہ بڑھے گی۔ انہوں نے یو این ڈی پی کو اس حوالے سے اپنا ورک پلان مرتب کر کے سٹیئرنگ کمیٹی کو حوالہ کرنے کی ہدایت کی۔