ملائکہ کی حکومت بنانے میں حصہ ڈالنے والے نتائج بھگتیں گے ،سعد رفیق
لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک میں بظاہر ملائکہ کی حکومت آرہی ہے اور جس کسی نے اس کار خیر میں حصہ ڈالا ہے وہ بھگتیں گے ،پنجاب میں ہمارے پاس اکثریت ہے ہمارے مینڈیٹ کے راستے میں رکاوٹ نہ ڈلی جائے ،ہم خریدو فروخت اورہارس ٹریڈنگ کی اجازت نہیں دیں گے ،پنجاب میں وزارت اعلیٰ کا فیصلہ پارٹی کرے گی اور اگر وزیر اعلیٰ شریف خاندان سے ہو تو اس میں کوئی حرج نہیں،دوبارہ گنتی کی درخواست دی ہے اگر انصاف نہ ملا تو الیکشن ٹریبونل میں جائیں گے ،عمران خان کے ڈرامے نہیں چلیں گے اب کام کر کے دکھائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواجہ سلمان رفیق ،یاسین سوہل اور میاں نصیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک میں 25جولائی کوعام انتخابات کا مرحلہ گزر بھی گیا ہے لیکن نتائج ابھی تک آرہے ہیں ۔ سیاسی جماعتوں نے انتخابات کے نتائج کو مسترد اور ان پر عدم اعتماد کا اظہارکیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو رسوا کرنے کا طریقہ نیا نہیں ہے ۔ ہمار خلاف دھرنے ، سازشیں ،فیصلے کئے گئے ، تضحیک اور تذلیل کا کوئی موقع جانے نہیں دیا گیا ۔ فرشتوں کی حکومت قائم ہو رہی ہے بظاہر ملائکہ کی حکومت آرہی ہے ۔ جس کسی نے بھی اس کار خیر میں حصہ ڈالا ہے وہ نوٹ کر لیں وہ بھگتیں گے ۔
سعد رفیق