امیر جماعت اسلامی کی یورپی سفیروں سے ملاقات ،نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کو بند کروانے میں کردار ادا کریں:سینیٹر سراج الحق

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے یورپی سفیروں سے ملاقات میں مطالبہ کیاہے کہ بھارت کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کو بند کروانے میں کردار ادا کریں۔ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق دلوایا جائے ۔ ملاقات میں ڈنمارک اور یورپی یونین کے سفیر ، برطانیہ و جرمنی کے سینئر سفارتکار آزاد کشمیر اسمبلی کے رکن عبدالرشید ترابی ، نائب امیر جماعت میاں محمد اسلم ڈائریکٹر شعبہ امور خارجہ عبد الغفار عزیز اور عابد خواجہ شریک ہوئے۔
امیر جماعت اسلامی کی بریفنگ سے پہلے سفارتکاروں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تازہ ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ 70 سا ل سے بھارتی ظلم ستم سہنے کے باوجود کشمیری عوام اپنے حق آزادی سے دست بردار نہیں ہوئے،پاکستانی حکومتوں سمیت دنیا میں کسی نے ان کی مطلوبہ مدد نہیں کی اور نہ ان پر ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آوازاٹھائی گئی ، لیکن اس سب کچھ کے باوجود کشمیری عوام اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جانوروں اور پرندوں کے حقوق کی بات تو کی جاتی ہے لیکن بےگناہ کشمیری بچوں اور خواتین سمیت پوری کشمیری قوم پر سات لاکھ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں توڑے جانے والے مظالم پر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کروانا پوری دنیا پر قرض ہے۔ آج جب کہ دنیا ایک بستی کی صورت اختیار کر چکی ہے ، دنیا کے کسی بھی خطے میں جاری ریاستی دہشت گردی پوری دنیا کا امن امان خطرے میں ڈال دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان جیسی ایٹمی ریاستوں کے مابین اصل تنازعہ ختم کروانا عالمی امن کے لئے ناگزیر ہے،5 فروری کو پوری پاکستانی قوم ہی نہیں پوری امت مسلمہ اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو پیغام دے گی کہ وہ حق پر ہیں اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر آزادی کشمیر کے لیے کوشاں رہیں گے