طیب موسانی اور عرفان احمد کولساوالا کی جدہ میں پریس کانفرنس, تنظیمی سرگرمیوں پر بریفنگ
جدہ (محمد اکرم اسد)انٹرنیشنل میمن آرگنائزیشن کے مرکزی سکریٹری جنرل طیب موسانی نے سعودی عرب چیپٹر کے ہیڈ عرفان احمد کولساوالا کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا کہ انٹرنیشنل میمن آرگنائزیشن (آئی ایم او) دنیا کی سب سے بڑی میمن برادری کی تنظیم ہے جس کے دنیا بھر میں اب تک 13 لاکھ ممبران ہیں، یہ تنظیم ابتدائی طور پر 1938 میں قائم کی گئی تھی جسکے بینر تلے اس سال کی سالانہ کانفرنس/کنوینشن جدہ سعودی عرب میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو میمن برادری کا ایک بڑا اکٹھ ثابت ہو گا۔
انہوں کہا کہ IMO کے اُس وقت کے ایگزیکٹوز میں سے ایک معروف معزز سر حاجی عبداللہ ہارون تھے جنہوں نے 1947 میں پاکستان ہجرت کی اور میمن برادری کے ساتھ ساتھ پاکستانی حکومت میں بھی اہم کردار ادا کیا تاہم، 2017 میں “services based organization” کے نئے تصور کے ساتھ بحال کیا گیا، یہ نہ تو خیرات جمع کرتی ہے اور نہ ہی تقسیم ۔ ہمارا بنیادی مقصد دنیا بھر میں میمن کو میمن سے جوڑنا اور مچھلی پکڑنے کا طریقہ سکھا کر غربت کو کم کرنا ہے۔ ہمارے پاس 14 چیپٹر ہیں اور 60 بورڈ ممبران بشمول سرپرست، بورڈ ممبران اور متعلقہ چیپٹرز کے VPs ہیں، سرپرست اعلی عقیل کریم ڈیڈھی ہیں -گزشتہ سالانہ تقاریب پاکستان میں منعقد کی گئیں جس میں گورنر سندھ نے دو دن تک شرکت کی، گزشتہ 8 سال سے مختلف ممالک میں اپنی AGM اور دیگر سالانہ تقریبات جیسے IM2M بزنس کانفرنس اور بین الاقوامی ایکسپو وغیرہ کا انعقاد کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ اس سال، ہم نے سمر 2025 میں اپنی 8ویں AGM اور IM2M بزنس کانفرنس ، ایکسپو، جاب فئیر ، مینا بازار اور فیملی فیسٹیول حالات اور ماحول کے مطابق سعودی عرب میں منعقد کرنے کا ارادہ کیا ہے جس میں دنیا بھر سے بزنس مین اور تاجر حضرات کی شرکت متوقع ہے -گرمیوں میں چھٹیوں کے باعث کئی لوگ عمرے کی سعادت حاصل کرتے ہیں، اس لئے ھم قبل از وقت ہمارے اس سال کی سالانہ تقاریب کا آج بذریعہ پریس کانفرنس اعلان کررہے ہیں تاکہ پوری دنیا کے میمن حضرات تک ہماری یہ اطلاع اور دعوت پہنچ جائے اور اُسی کو مدِنظر رکھتے ہوئے وہ عمرے کا پلان کریں -