ہیریسن فورڈ کے زخمی ہونے کا مقدمہ، پروڈکشن کمپنی پر باقاعدہ فرد جرم عائد
لندن(این این آئی) 2014ء میں فلم اسٹار وار کے ساتویں سیکوئل میں ہیریسن فورڈ شوٹنگ کے دوران فریکچر کا شکار ہوگئے تھے، اب دو سال بعد برطانوی عدالت میں اس واقعے کے حوالے سے پروڈکشن کمپنی پر باقاعدہ فرد جرم عائد کر دی گئی ہے ۔جون 2014 میں فلم کی شوٹنگ کے دوران ہیریسن فورڈ پر ایک ہائیڈرالک دروازہ آ گرا تھا، جس سے ان کی ٹانگ دو جگہ سے فریکچر ہوگئی تھی، اس حادثے کے بعد ان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرنا پڑا تھا۔برطانوی قوانین کے تحت کام انجام دینے کی کسی بھی جگہ پر ملازمین کو تحافظ فراہم کرنا کمپنی کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
اسی شق کے تحت اب دو سال بعد پروسیکوٹر انڈریو مارشل نے پروڈکشن کمپنی کے خلاف مقدمے کی درخواست کی، جسے سنے کے بعد فرد جرم عائد کی گئی۔71سالہ اداکار کے مطابق ان پر گرنے والے دروازے کا ہائیڈرالک سسٹم فیل ہو گیا تھا اور حادثے سے بچنے کی کوشش کے باوجود وہ محض ایک لمحے میں ہی ان کی ٹانگ پر آگرا، فریکچر ٹھیک ہونے کے بعد ہریسن فورڈ نے اپنا کردار مکمل کیا۔فلم اسٹار وار کے ساتویں سیکوئل نے دنیا بھر سے دو بلین ڈالر کا بزنس کیا تھا۔