تعلیم کے نام پر سندھ کو ہمیشہ جھوٹے وعدے ملے ہیں، خرم شیر زمان

تعلیم کے نام پر سندھ کو ہمیشہ جھوٹے وعدے ملے ہیں، خرم شیر زمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ تعلیم کے نام پر سندھ کو ہمیشہ جھوٹے وعدے اور طفل تسلیاں ہی ملی ہیں۔ سندھ میں تعلیمی ادارے یا تو کسی وڈیرے کی اوطاق یا کسی جاگیردار کی بھینسوں کا باڑہ بنے ہوئے ہیں۔ ہم گھوسٹ اساتذہ اور گھوسٹ اسکولوں کا رونا رو رہے تھے لیکن یہاں تو حکومت کرنے والے ہی تعلیم کے دشمن نکلے۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالعدم تنظیموں سے روابط رکھنے والی پیپلز پارٹی دوسروں کو طعنے دیتی ہے اور خود اساتذہ پر تشدد کر رہی ہے۔ سندھ میں خون پسینہ ایک کرکے طلبا کو بہترین مستقبل عطا کرنے والے اساتذہ احتجاج کے لیے کیا نکلے، سندھ حکومت اور پولیس نے مل کر ان کے خلاف محاذ کھول لیا۔ اساتذہ اپنا حق مانگ رہے ہیں ، اس معاملے کو جمہوری انداز سے حل کرنا چاہئے۔ جمہوری انداز یہ نہیں کہ آپ پانی کی توپیں چلانا شروع کردیں۔ سندھ حکومت کے عہدیدار، وزراء اور کابینہ کے لوگ بھی کسی نہ کسی استاد کے شاگرد رہے ہوں گے۔ کسی نے یہ نہیں سوچا کہ اساتذہ کسی بھی معاشرے کا قابل فخر اثاثہ اور قابل احترام افراد ہوتے ہیں۔ دنیا میں کسی بھی قوم نے اساتذہ کی قدروقیمت کو پہچانے بغیرترقی نہیں کی۔ اساتذہ پر آنسو گیس چھوڑی گئی اور ڈنڈے برسا کر زخمی کیا گیا۔ اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے، کم ہے۔ سندھ حکومت پہلے صرف تعلیمی اداروں کا مذاق اڑا رہی تھی، اب اس نے اساتذہ کی توہین بھی شروع کردی۔ اساتذہ کے پاس تدریسی عمل کے بائیکاٹ کے سوا کوئی راستہ نہیں چھوڑا گیا۔ سندھ حکومت کی نااہلی سے سندھ کے مستقبل کے معمار تعلیم سے دور ہوجائیں گے۔ سندھ حکومت کو ہوش کے ناخن لیتے ہوئے اساتذہ سے مذاکرات کرکے اس معاملے کو ٹھیک کرنا چاہئے۔

Back to Conversion Tool