ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشواروں کے عمل میں تیزی کیلئے اداروں کی خدمات حاصل کرلیں
لاہور( پ ر)ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشواروں کے جمع کرانے کی مہم میں تیزی لاتے ہو ئے خیبر پختونخوا میں ، بینکوں،پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور کاروباری اداروں سے رابطے شروع کر دیے ہیں ۔اس سلسلے میں ایف بی آر کی ممبر فسلیٹیشن اینڈ ٹیکس پیئر ایجو کیشن (فیٹ) ونگ نوشین جاوید امجد نے چیف فیٹ تہمینہ عامر کے ہمراہ ٹیکس دہندگان کی سہولت اور آگاہی سے متعلق مہم کو آگے بڑھاتے ہو ئے پشاور کا دورہ کیا اورخیبر بینک کے مینجنگ ڈائریکٹر شمس القیوم،کے پی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہد اللہ شنواری،سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر فواد اسحاق،کے پی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر غضنفر بلور،صدر انجمن تاجران خیبر پختونخوا شرافت علی مبارک، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف فنانشل آفیسریاسرسے الگ الگ ملاقاتوں میں انہیں ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی مہم میں شریک ہونے اور اپنے اداروں کے ملازمین میں اس کا شعور اجاگر کرنے کے لئے کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ نوشین جاوید امجد نے ان اجلاسوں میں ٹیکس دہندگان کو سہولیات ،ٹیکس بیس میں اضافے اور انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کے فوائد سے متعلق شعور اجاگر کرنے سے متعلق معاملات پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے ٹیکس گواشوارے جمع کروانے سے متعلق آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے اور مختلف صنعتوں،مالی اور کاروباری اداروں،چیمبرزاورتجارتی اداروں کے سربراہوں کے ساتھ میٹنگز بھی اس مہم کا حصہ ہیں۔ممبر فیٹ نے ملازمین کی ٹیکس تفصیلات فراہم کرنے والے تمام اداروں اور کمپنیوں کے کرادر کی تعریف کی ۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اداروں کے ساتھ کام کرنے اور ان کے ملازمین کے ٹیکس گواشواروں کو جمع کروانے میں کسی بھی قسم کی تکنیکی معاونت اور تربیتی سیشنز اور ورکشاپس کے ذریعے ہر سہولتفراہم کرنے کا خواہشمند ہے ۔اجلاسوں کے دوران ایف بی آر کی کوششوں اور کردار کو سراہا گیاجبکہ ٹیکس دہندگان کے ساتھ براہ راست روابط قائم کرنے اور ٹیکس دہندگان کا اعتماد حاصل کرنے کے لئے ایف بی آر کے اقدام اورٹیکس گواشوارے جمع کروانے کے حوالے سے جاری مہم کی بے حد تعریف کی گئی۔