ہوئی کافور کفر و شرک کی ظلمت زمانے سے ۔۔۔

ہوئی کافور کفر و شرک کی ظلمت زمانے سے
" ہوا روشن زمانہ آپؐ کے تشریف لانے سے "
نماز پنج وقتہ اور پھر ذکر خدا کے ساتھ
سکوں ملتا ہے دل کو عشق احمدؐ کے ترانے سے
ہوا ہے دولتِ ایمان پانے کا شرف حاصل
بحکمِ رب شہہ دیںؐ کے ہمیں کلمہ پڑھانے سے
کسی دن کاش طیبہ میں پڑھوں نعتیں لپٹ کر میں
محمد مصطفیٰؐ کے روح پرور آستانے سے
فقط ہم مومنوں ہی کو نہیں بلکہ جہاں بھر کو
ملا ہے علم نافع آپؐ کےعلمی خزانے سے
سر محشر ہمیں خود ساقیِ کوثر پلائیں گے
خوشی سے جام بھرکر حوض کوثر کے دہانے سے
در اقدس پہ اپنے یا نبیؐ تنویر عاصی کو
خدارا اب بلا بھی لیجیے حج کے بہانے سے
کلام :عبدالواحد تنویر راویری( امبرناتھ ، ممبئی)