پاکستان میں بھارتی ویب سائٹس بلاک کردی گئی ہیں: فیصل واوڈا

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان نے ملک میں بھارتی ویب سائٹس کو بلاک کردیا ہے تاہم تصدیق کیے جانے پر اے این آئی وغیرہ بھارتی نیوز ویب سائٹس پاکستان میں فعال پائی گئیں۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر پوسٹ میں سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ پاکستان نے پہلے مرحلے میں انڈین ویب سائٹس پاکستان میں بلاک کردی ہیں۔ انہوں نے کہا جو انڈیا نے پاکستان کے ساتھ کیا پاکستان نے وہی جواب میں انڈیا کے ساتھ کردیا۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ ہر انڈین اقدام کا جواب سود سمیت واپس کیا جائیگا، یہ جواب اصل ہے اور سود ابھی باقی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پہلگام واقعے کو جواز بناتے ہوئے مودی سرکار نے بھارت میں گورنمنٹ آف پاکستان کے ایکس ہینڈل سمیت کچھ پاکستانی یوٹیوب چینلز کو بھی بھارت میں بند کردیا تھا۔