پاک بھارت کشیدگی، سعودی وزارت خارجہ کا اہم بیان آگیا

ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن) سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور تمام تنازعات کو سفارتی ذرائع سے حل کریں۔
وزارت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ "مملکت سعودی عرب بھارت اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے۔" بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں ممالک کشیدگی کم کریں اور اختلافات کا حل پرامن اور سفارتی طریقوں سے نکالیں۔
عرب نیوز کے مطابق یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام کے قریب ایک حملے میں 26 افراد ہلاک ہو گئے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا۔ پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ اسے مصدقہ اطلاعات ملی ہیں کہ بھارت کسی ممکنہ فوجی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے۔