پسنی ریڈار سسٹم پر دہشتگردوں کا حملہ، اہلکار شہید

پسنی ریڈار سسٹم پر دہشتگردوں کا حملہ، اہلکار شہید
پسنی ریڈار سسٹم پر دہشتگردوں کا حملہ، اہلکار شہید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) گوادر کے علاقے پسنی میں راکٹوں اور دیگر جدید اسلحہ سے لیس دہشتگردوں نے پسنی ایئرپورٹ کے قریب حساس دفاعی ریڈار سسٹم پر حملہ کرکے ایک سیکیورٹی اہلکار کو شہید اور 10 کو اغوا کرلیا جبکہ ریڈار سسٹم کو بھی نقصان پہنچایا۔ وزارت داخلہ کے سینئر حکام نے میڈیا کو بتایا کہ فوجی یونیفارم پہنے 15 سے زائد دہشت گردوں نے شام ساڑھے 6 بجے ریڈار چیک پوسٹ پر دھاوا بول دیا، دہشت گرد 2گاڑیوں میں آئے اور آتے ہی سیکیورٹی پر مامور بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی اور ان سے اسلحہ چھین کر 10 اہلکاروں کو اغوا جبکہ دیگر کو ایک کمرے میں بند کردیا۔ سیکریٹری داخلہ اسد گیلانی کے مطابق پہاڑ کی چوٹی پر واقع ریڈار کی حفاظت کیلئے درجنوں اہلکار تعینات تھے۔ دہشتگردوں نے فرار ہونے سے قبل ریڈار سسٹم پر کئی راکٹ فائر کئے اور تنصیبات کے ساتھ دھماکہ خیز مواد نصب کردیا جسے بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنادیا۔سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پسنی ریڈار پر تعینات سی اے اے کا عملہ اور ریڈار تنصیبات محفوظ ہیں، دہشتگردوں کی کارروائی کے دوران بھی ریڈار کام کرتا رہا اور پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے والے طیاروں کی رہنمائی متاثر نہیں ہوئی۔ شہید ہونے والے اہلکار کی شناخت محمد جان کے نام سے ہوئی ہے اور وہ تربت کا رہائشی تھا۔

مزید :

کوئٹہ -