کمراٹ میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو تیسرے روز بھی نہ نکالا جاسکا
دیر بالا (ڈیلی پاکستان آن لائن )خیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا کے سیاحتی مقام کمراٹ میں پھنسے ہوئے سیاح تیسرے روز بھی نہ نکل سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر فوکل پرسن شاہد علی کا کہنا ہے کہ کمراٹ میں سیاحوں کو ایک ہوٹل میں اکٹھا کیا گیا ہے، آج کوشش کی جارہی ہے کہ سیاحوں کو باحفاظت نکال سکیں۔شاہد علی کے مطابق جہازبانڈہ میں 50 سے 70 سیاحوں کو بھی کمراٹ آنے کا کہا گیا ہے، بری کوٹ کے مقام پر دریا برد میں دیرکمراٹ شاہراہ کی بحالی شروع کردی گئی جبکہ سیاحوں کو خوراک،کھانے پینے کی اشیاءحکومت فراہم کر رہی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے پھنسے سیاحوں کوریسکیو کرکے محفوظ مقام پرمنتقل کرنے اور رابطہ سڑک کی بحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایات کی تھیں۔واضح رہے کہ ضلع دیر بالا میں طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں کے بعد سیاحتی مقام کمراٹ کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا تھا، وادی میں موجودسینکڑوں سیاح واحد زمینی راستہ منقطع ہونے کے بعد پھنس کر رہ گئے۔