کنٹونمنٹس میں عوام دوست اقدامات کیلئے اہم احکامات جاری ، ایگزیکٹو افسران کو کیا اہداف دیئے گئے ؟ آپ بھی جانیے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)ملک بھر کے کنٹونمنٹس میں عوام دوست اقدامات کیلئے اہم احکامات جاری کیے گئے ہیں اور ایگزیکٹو افسران کو اہداف دیئے گئے ہیں ۔ اس حوالے سے موصولہ اہم اطلاعات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹس میجر جنرل عرفان احمد ملک نے ملک بھر کی کنٹونمنٹس کی حدود میں عوام دوست اقدامات کیلئے ایگزیکٹو افسران و عملہ کو 55نکاتی 1 سالہ اہداف دیئے ہیں، جسے ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس ڈیپارٹمنٹ مشن 14 اگست 2024 تا 14 اگست 2025 ءکا نام دیا اور اسے اگلے 1 سال کیلئے پالیسی قرار دیا گیا ہے۔
"جنگ " کے مطابق ریٹائرڈ افسران کے گھروں میں کام کرنے والے ملازمین کی فہرستیں تیار کرنے اور خصوصاً خواتین ملازمین کو واپس اپنے کام پر لگانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دیئے گئے احکامات کو کسی بھی صورت میں ہلکا نہ لیا جائے، تمام ملٹری سٹیٹ آفیسرز پبلک ڈیلنگ کو بہتر بنائیں، تمام افسران کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اس خط کا پرنٹ لیکر اپنے اپنے ٹیبلز پر رکھ لیں، اس کو دیکھتے جائیں اور اس کے مطابق کام کرتے جائیں۔
انہوں نے خط میں کہا کہ ہم نے یہ دیکھنا ہے کہ ہم کس حد تک عوام دوست ہیں میں نے ادارے کے اندرونی معاملات میں میرٹ، اہلیت اور دیگر اقدامات کیے ہیں۔ کینٹ بورڈ کا دفتر صاف ستھرا، تمام دفتری ریکارڈ محفوظ حالت میں اور ضروری ریکارڈ کو سکین کر کے ڈیجیٹل فائلز میں محفوظ کیا جائے۔ تمام کنٹونمنٹ بورڈز کے دفاتر میں اپنے سٹاف کے لیے بہترین عملی اور دیر پا طبی سہولت مرکز بنائے جائیں۔