باجوڑ دھماکے کے مزید 3زخمی دم توڑ گئے، جاں بحق افراد کی تعداد 46ہو گئی

باجوڑ دھماکے کے مزید 3زخمی دم توڑ گئے، جاں بحق افراد کی تعداد 46ہو گئی
باجوڑ دھماکے کے مزید 3زخمی دم توڑ گئے، جاں بحق افراد کی تعداد 46ہو گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

باجوڑ(ڈیلی پاکستان آن لائن)باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام کے ورکرز کنونشن میں  دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 46ہو گئی جبکہ 90سے زائد زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے صدر مقام خار میں دھماکا اس وقت ہوا جب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن جاری تھا، کنونشن میں ایم این اے جمال الدین اور سابق سینیٹر عبدالرشید سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، دھماکے میں جمال الدین اور عبدالرشید محفوظ رہے۔

ڈی ایچ او ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ باجوڑ دھماکے کے مزید 3زخمی دم توڑ گئے، دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 46ہو گئی جبکہ 90سے زائد زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں،ان کا کہناتھا کہ 36میتیں شناخت کے بعد ورثا اپنے ساتھ لے گئے،8لاشیں ناقابل شناخت ہونے کے باعث ہسپتال میں رکھی ہیں۔

دوسری جانب ترجمان  کا کہنا ہے کہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں باجوڑ دھماکے 16زخمی زیرعلاج ہیں،جن میں بیشتر کی حالت تسلی بخش ہے ۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے کہاکہ زخمیوں کی منتقلی رات بھر جاری رہی، ایک زخمی آئی سی یو میں ہے ،باجوڑ دھماکے میں جاں بحق  افراد میں 5بچے بھی شامل ہیں، باجوڑ دھماکے میں جاں بحق افراد میں زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہے۔