ڈیرہ‘ ڈبل سواری پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ
ڈیرہ اسماعیل خان(بیورو رپورٹ)مرکزی انجمن تاجران نے ضلع ڈیرہ میں موٹرسائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی کو ختم کرنے کا ڈی پی او ڈیرہ سے وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ کردیا ۔تفصیلات کے مطابق مرکزی انجمن تاجران کا ایک ہنگامی اجلاس زیر صدارت راجہ اختر علی منعقد ہوا ۔ اجلاس کے شرکاء نے ڈی پی او ڈیرہ کو انکا ایک ہفتے قبل کیا ہوا وعدہ یاد دلاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ موٹرسائیکل پر ڈبل سواری کی بندش ختم کی جائے ۔ جسکے باعث تاجروں کا کاروبار زندگی معطل ہے عوام الناس کو آمد روفت میں شدید مشکلات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے پرا من اختتام کے بعد اب بندش کا کوئی جواز نہیں رہتا ۔ اجلاس میں مولانا برادران سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر بنوں روڈ ،درابن روڈ ،ملتان روڈ و دیگر علاقوں کے لوگوں کو گیس فراہمی کا سلسلہ شروع کریں ۔ اور 50کروڑ کی جو ترقیاتی گرانٹ نواز شریف نے انہیں دی ہے اسکو بھی عملی جامہ پہنائیں اور ڈیرہ سٹی میں ترقیاتی کام کا آغاز کریں۔