چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت سے اچھے اشارے مل رہے ہیں، وسیم اکرم نے اندر کی بات بتا دی
میلبرن(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت سے اچھے اشارے مل رہے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی بورڈ کو کئی آفرز کی ہیں، بھارت کو پاکستان آنا چاہیے۔
سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم وسیم اکرم نے میلبرن میں آن لائن پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ویرات کوہلی، ہاردک پانڈیا اور سوریا کمار یادیو کے پاکستان میں بہت فینز ہیں، فینز کو شدت سے بھارتی کھلاڑیوں کا انتظار ہے، میں سمجھتا ہوں کہ دونوں ممالک کے لوگوں کا آپس میں رابطہ ہونا چاہیے، بھارت اس بارے میں سوچے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ میں 6، 7 سال سے بھارت نہیں گیا، میں وہاں کے کھانے اور لوگوں کو مس کرتا ہوں، بھارتی کھلاڑی پاکستان آئیں، انجوائے کریں گے۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ آسٹریلیا میں کنڈیشنز مشکل ہوتی ہیں، پاکستان کی یہاں سیریز آسان نہیں ہو گی، ایک بھی ون ڈے جیت جاتے ہیں تو یہ بہت بڑی کامیابی ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز اچھی ہو گی۔