پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنان کی لندن میں قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ بدتمیزی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل  

پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنان کی لندن میں قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ بدتمیزی کی ...
Justice Qazi Faiz Esa in London
کیپشن: Justice Qazi Faiz Esa

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن )سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ لندن میں تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامی مظاہرین کی بدتمیزی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اہلِ خانہ کے ہمراہ اِن دنوں لندن میں موجود ہیں جہاں وہ ایک ہفتہ قیام کریں گے۔گزشتہ روز قاضی فائز عیسیٰ نے لندن کی مِڈل ٹیمپل سوسائٹی کی تقریب میں شرکت کی۔ اس دوران پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سے وابستہ اراکین و کارکنان وہاں پہنچ گئے جنہوں نے پہلے ہی مِڈل ٹیمپل کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کر رکھا تھا۔

پی ٹی آئی کے کارکن شام سے لندن کے مڈل ٹیمپل کے باہر احتجاج کر رہے تھے، ملیکہ بخاری، ذلفی بخاری، اظہر مشوانی اور دیگر نے مظاہرین سے خطاب بھی کیا۔لندن میں شریف فیملی کی رہائش گاہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر اپنے مسلسل احتجاج سے شہرت پانے والا پاکستانی نژاد نوجوان شایان علی سمیت پی ٹی آئی کے دیگر حامیوں نے بھی مِڈل ٹیمپل کے باہر بھرپور احتجاج کیا اور قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف خوب نعرےبازی کی۔

اس دوران ایک ناخوشگوار واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی جیسے ہی مڈل ٹیمپل سے باہر نکلی تو شایان علی سمیت دیگر مظاہرین انکی گاڑی پر چڑھ دوڑے۔پی ٹی آئی مظاہرین نے قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی کے شیشوں پر مُکے مارے اور زور زور سے دروازے بجا کر نعرے بازی کی، اِس دوران گاڑی میں بیٹھے قاضی فائز عیسیٰ نے جُھک کر خود کو کسی ممکنہ نقصان سے بچانے کی کوشش ۔

واقعے کی دیگر کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شایان علی سمیت دیگر مظاہرین قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی کے پیچھے دوڑتے ہوئے مسلسل نعرے بازی کرتے رہے۔

واضح رہے کہ قاضی فائز عیسیٰ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پاکستان کی پہلی شخصیت ہیں جنہیں مڈل ٹیمپل اِن میں بطور بینچر منتخب کیا گیا ہے۔سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے لیے مڈل ٹیمپل کا بینچر بننا اعزاز ہے، جو عدلیہ میں اعلیٰ عہدوں پر فائز شخصیات کو دیا جاتا ہے۔سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو رواں برس مئی میں تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

انہوں نے اسی عظیم قانونی درسگاہ سے قانون کی تعلیم حاصل کی تھی، اُن کے والد قاضی عیسیٰ بھی مڈل ٹیمپل کے گریجویٹ تھے اور اب اُن کی بیٹی بھی یہیں سے تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔قاضی فائز عیسیٰ نے مڈل ٹیمپل کی انتظامیہ کو لکھا تھا کہ وہ 25 اکتوبر کو اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد ہی شرکت کر سکتے ہیں جس پر ان کے اعزاز میں تقریب کی تاریخ 29 اکتوبر مقرر کی گئی تھی۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -