پنجاب کابینہ کا 19واں اجلاس، گوردواروں اور اقلیتی عبادت گاہوں کی بحالی کا حکم، آرٹسٹ خدمت کارڈ کی گرانٹ بڑھانے کی منظوری
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 19واں اجلاس ہوا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز اور کابینہ نے 3نئے کابینہ ممبرز شاہد تارڑ،سلمیٰ بٹ، ثانیہ عاشق کا خیر مقدم کیا۔ اجلاس میں پاکستان کی تاریخ کی پہلی پنجاب روڈز سیفٹی اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔ پی آر ایس اے روڈز سیفٹی، وہیکلز سیفٹی اورڈرائیورنگ ٹریننگ سکول کے لئے اقدامات کرے گی۔ پی آر ایس اے روڈز کی سٹینڈرڈ رائزیشن کا اہتمام کرے گی۔ پی آر ایس اے سٹینڈرڈ وہیکلز ٹیسٹنگ لیبارٹریز بھی قائم کرے گی۔ پی آر ایس اے کے زیر انتظام موٹر ٹرانسپورٹ ایجنسی بھی قائم کی جائے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں ٹریفک حادثات میں روزانہ جاں بحق ہونے والوں کا تناسب اوسطاً10ہے۔ پی آرایس اے کی 14رکنی سپیشل کمیٹی کی سربراہی منسٹر ٹرانسپورٹ کریں گے۔وزیر اعلیٰ نے راولپنڈی سمیت صوبے بھر میں گوردواروں اور دیگر اقلیتی عبادت گاہوں کی بحالی کا حکم دیا۔ اجلاس میں فنکاروں کے لئے آرٹسٹ خدمت کارڈ کی گرانٹ بڑھانے کی منظوری دی گئی اورفنکاروں کے لئے امدادی گرانٹ بڑھانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے فنکار کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے جامع پالیسی بھی طلب کر لی ہے۔ لاہور آرٹ کونسل انڈومنٹ فنڈبورڈ کا اختیارمنسٹرانفارمشین کو دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے علیل اداکار شفقت چیمہ کی خیریت بھی دریافت کی۔پنجاب گورنمنٹ ایڈورٹائزمنٹ پالیسی2024 میں مجوزہ ترمیم کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے میڈیا کے واجبات کی بروقت ادائیگی کے لئے فول پروف سسٹم واضح کرنے کی ہدایت کی۔ صوبے کے مختلف شہروں میں سیوریج سسٹم کے ایشوز حل کرنے کی منظوری دی گئی، اس ضمن میں وزیر اعلیٰ نے پلان طلب کر لیا۔ وزیر اعلیٰ نے بہترین ”کے پی آئی“پرفارمنس پر پانچ ڈپٹی کمشنرز کو سرٹیفکیٹ آف میرٹ دیئے۔ بہاولنگر کے ڈپٹی کمشنر اول،مری کے ڈپٹی کمشنر ظہیرالحسن شیرازی دوسرے، میانوالی کے ڈی سی خالد تیسرے نمبرپر رہے، ڈی سی لیہ امیرا بیدار چوتھے اور پاکپتن کی ڈی سی سعدیہ مہر پانچویں نمبر پر رہیں۔ بہترین ”کے پی آئی“پرفارمنس پر ڈپٹی کمشنر کو دو ماہ کی اعزازی تنخواہ بھی دی جائے گی۔
کابینہ نے ایل ڈی اے کمیشن کی تمام کیس ایک سال کے اندر مشروط منظوری دی۔ دریاؤں کے کٹاؤ سے بچاؤ کے لئے حفاظتی بند بنانے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب میں آئی کینسر اور دیگر امراض چشم کے علاج کے لئے آئی سنٹر کو اراضی کی الاٹمنٹ کی مشروط منظوری دی گئی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ سپر سیڈر کاشتکاری کے لئے بہت بڑ ا منصوبہ ہے، کسان کارڈ سے 10ارب روپے کی خریداری ہوچکی ہے۔ بہت سے لوگ پنجاب میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔خواہش ہے کہ ترقی کا سفر جاری و ساری رہے۔ کام کرنے والوں کی بہت قدر کرتی ہوں۔ رات بھر میں تبدیلی ممکن نہیں ہوتی، مگر دن رات کام کررہے ہیں۔
کابینہ اجلاس میں لاہور گیریژن گرین میں بین الاقوامی معیار کی سکوائش فیسلٹی سکیم کو سالانہ تر قیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کو ٹی 20ورلڈ کپ فار بلائنڈ کے لئے 20ملین روپے کی گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں انتہائی مطلوب اور خطرناک ملزمان کی گرفتاری پر انعام بڑھانے کی منظوری دی گئی۔ چیف منسٹر پنجاب کلائمیٹ لیڈر شپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام کے لئے 210ملین روپے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ ضلع لاہور کی دوڈویلپمنٹ سکیموں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے اور پنجاب لوکل گورنمنٹ(اکاؤنٹس) رولز 2017 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ قائد اعظم سولر پاور لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ری اپوائنٹمنٹ کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے نوٹریز آرڈیننس 1961،پنجاب پولیس رولز 1934، پنجاب پولیس رولز 1934 اورسٹمپ ایکٹ 1899میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔پنجاب بھر میں سیوریج اور بارش کے پانی کے اخراج کے نظام کی بہتری کے لئے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ادائیگیاں کرنے کے لئے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ گجرات ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کی تشکیل نو اورراولپنڈی کی تحصیل گوجر خان میں حویلی بخشی رام سنگھ کی تعمیر و بحالی کی منظوری دی گئی۔ پنجاب ہیلتھ انجینئر نگ کے ایگزیکٹو انجینئر رانا محمد علی شہید کے اہل خانہ کے لئے گرانٹ ان ایڈ،بورڈ آف ریونیو کے جوڈیشل ممبر ثاقب منان کے علاج معالجہ کے اخراجات کی ادائیگی اورڈپٹی سیکرٹری کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ طاہر ہ اکرم کے شوہر کے علاج معالجہ کے اخراجات کی ادائیگی کی منظوری دی گئی۔ پنجاب ایگزیمنیشن کمیشن رپورٹ برائے سال 2022-23 اورآئی ڈیپ کی سالانہ رپورٹس برائے مالی سال2018-19-20 کی منظوری دی گئی۔ بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے لئے ایکس گریشیا مالی امداد کی منظوری دی گئی۔ تحصیل و ضلع بہاولپور کے چک بستی بہار برانا میں ٹف ٹائلزلگانے اور سیوریج کی منظوری دی گئی۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے سیکشن 144 کورٹ آف کریمنیل پروسیجر 1898کے سیکشن 144کے تحت دئیے گئے آرڈرز کی ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری دی گئی۔
کابینہ نے سیکیورٹی ڈیوٹی کے لئے پرانی جیمرگاڑیوں کو تبدیل کرنے کی منظوری دی۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن راولپنڈی کی سکیم میں شمولیت کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب الٹرنیٹ ڈسپیو یٹ ریزولیشن امیڈمنٹ بل 2024 اورچیئرپرسن پنجاب وویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی مراعات کی منظوری دی گئی۔پنجاب پنشن پلان 2022-25 پر عملدرآمد کرنے کے پلان اورپنجاب فنانس ایکٹ 1977میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ پنجاب ایجوکیشن انیشیٹو مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرپرسن کی نامزدگی اور نان آفیشل ممبرز کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں بھرتی کے لئے قواعد میں نرمی اورپیک گورننگ باڈی کے ممبر ز کی نامزدگی کی منظوری دی گئی۔ صوبائی وزراء،معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری، آئی جی، سیکرٹریز اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔