کراچی، سچل میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 2پولیس اہلکار جاں بحق

کراچی، سچل میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 2پولیس اہلکار جاں بحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی کے علاقے سپرہائی وے ڈائیووبس اسٹاپ کے قریب نامعلوم مسلح افرادکی فائرنگ سے 2پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے جبکہ مسلح افرادسرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ اور سندھ کے وزیر داخلہ نے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے پولیس کے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ رواں برس دہشت گردی کے واقعات میں پولیس اہلکاروں کی ہلاکتوں کی تعداد78 ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق سچل تھانے کی حدودسپرہائی وے پر قائم ڈائیووبس ٹرمینل کے قریب موجودپکٹ پرپولیس اہلکارڈیوٹی دے رہے تھی کہ اچانک نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکارکانسٹینل علی رضاموقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ کانسٹیبل غلام جعفرولددیدارعلی شدیدزخمی ہوگئے ،جنہیں طبی امداکے لیے ڈاؤمیڈیکل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاکرچل بسے ۔جبکہ مسلح افرادفرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔جاتے ہوئے مسلح افرادسرکا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرزحکام موقع پر پہنچ گئے اور تحقیقات کا آغازکردیا ہے ۔ڈی ایس پی سہراب گوٹھ خالد خان کے مطابق پولیس کانسٹیبل علی رضااور غلام جعفرڈائیووبس اسٹاپ کے قریب موجود پکٹ پرڈیوٹی دے رہے تھے کہ نامعلوم مسلح افرادنے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں دونوں پولیس اہلکارشہیدہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے 9اور تیس بور پستول کے 3خول بھی ملے ہیں ،جنہیں تحویل میں لے کرفرانزک رپورٹ کے لیے بھجوادیا گیا ہے ۔ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ کے مطابق2 موٹر سائیکل پر سوار 4حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ دہشت گردی کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی شناخت رضا اور جعفر کے نام سے ہوئی، دونوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دونوں پولیس اہلکار سچل تھانے میں تعینات تھے۔وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ سے 24گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ واقعے کے ذمہ داروں جو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے ۔دریں اثناء سندھ کے وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے بھی پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہارکیاہے اور آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔وزیرداخلہ نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی ہے کہ پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے دہشتگردوں کو فوری گرفتار کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سندھ پولیس نے بہت قربانیاں پیش کی ہیں،پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔واضح رہے کہ رواں برس دہشت گردی کے واقعات میں اب تک 78 پولیس اہلکار جاں بحق ہو چکے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -