حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خصوصی مراعات دے، شیخ عبدالمنان

حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خصوصی مراعات دے، شیخ عبدالمنان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( وقائع نگار)پاکستان ہارڈ وئیر مرچنٹ ایسو سی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر شیخ عبدالمنان نے بیرون ملک سے ترسیلات میں اضافے کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خصوصی مراعات دے جو پاکستانی معیشت کے استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ ایک بیان میں شیخ عبداالمنان نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے کواٹر میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 4.69ارب ڈالر ملک میں بھجوائے جو بہت اچھا شگون ہے۔ حکومت ان کا پیداواری سیکٹرز میں استعمال یقینی بنائے تاکہ معیشت کو حقیقی معنوں میں فائدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے خصوصی مراعات کا اعلان کرے تو آئندہ چند سالوں میں ترسیلات کا حجم 40سے 50ارب ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔


انہوں نے کہا کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو توانائی، زراعت، ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اْن رکاوٹوں کا جلد از جلد خاتمہ کرے جو ترسیلات کے فروغ کی راہ میں آڑے آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد ملک میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے مگر یہ رکاوٹیں انہیں دو رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت حوالہ سسٹم کی حوصلہ شکنی کرے کیونکہ اس غیرقانونی ذریعے سے اربوں ڈالر بھجوائے جارہے ہیں۔ پاکستان ہارڈ وئیر مرچنٹ ایسو سی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر نے کہا کہ اس وقت جب ملک کو بہت سے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، بیرون ملک سے ترسیلات میں اضافہ معیشت کو تقویت دے گا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوگا، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے ،روپے کی قدر مستحکم ہوگی اور غیرملکی قرضوں پر انحصار کم ہوگا۔