بھارتی ایجنسی ”را“ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنا دی گئی
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو بلوچستان اور کراچی میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنا دی گئی ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کی توثیق بھی کر دی ہے۔
ٹروکالر کی نئی ایپلیکیشن متعارف، گوگل ڈو کیساتھ انضمام کا بھی اعلان
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’بھارتی راءکے ایجنٹ اور نیول کمانڈر کلبھوشن سدھیر یادیو عرف الیاس حسین مبارک پٹیل کو 3 مارچ 2016ءکو پاکستان کے خلاف جاسوسی کرنے اور پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر انٹیلی جنس کی معلومات پر بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔
بھارتی جاسوس کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کیا گیا اور بلوچستان اور کراچی میں تخریبی کارروائیوں کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی گئی۔
آج، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کی توثیق بھی کر دی ہے۔ راءکے ایجنٹ پر آرمی ایکٹ 1952 کے سیکشن 59 اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ 1923ءکے سیکشن 3 کے تحت مقدمہ چلایا گیا۔
فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے دوران کل بھوشن یادیو پر لگے تمام الزامات ثابت ہوئے۔ کلبھوشن نے مجسٹریٹ اور عدالت کے سامنے اعتراف جرم کیا کہ اسے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ نے کراچی اور بلوچستان میں امن کی بحالی کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے اور پاکستان کے خلاف جنگ کا ٹاسک دیا تھا۔ ملزم کو اپنے دفاع کیلئے لیگل ٹیم بھی دی گئی تھی۔“
Indian R&AW agent #Kalbushan awarded death sentence through FGCM by Pakistan Army for espionage and sabotage activities against Pakistan. pic.twitter.com/ltRPbfO30V
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) April 10, 2017