کریتی سینن نے پربھاس سے منگنی کی خبروں کی تردید کردی
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی ووڈ اداکارہ کریتی سینن نے ساؤتھ انڈین اداکار پربھاس سے منگنی کی خبروں کی تردید کردی۔ کریتی سینن اور پربھاس کے افیئر کی خبریں اس وقت وائرل ہوئی تھیں جب ایک ڈانس رئیلٹی شو میں اداکار ورون دھون نے کہا کہ دونوں کا افیئر چل رہا ہے۔ اس کے بعد یہ خبریں سامنے آئیں کہ پربھاس نے کریتی سینن کو پرپوز کیا ہے اور جلد ہی دونوں کی منگنی ہونے والی ہے۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ دونوں نے آدی پرش نامی فلم میں کام کیا ہے۔
ورون دھون کے بیان پر اپنے رد عمل میں کریتی سینن نے کہا کہ نہ تو یہ پیار ہے اور نہ ہی سستی شہرت کا ذریعہ، دراصل ہماری بھیڑیا (فلم) ایک رئیلٹی شو میں کچھ زیادہ ہی حد سے بڑھ گئی تھی، اس کے علاوہ ورون دھون کے حسِ مزاح نے افواہوں کو جنم دیا۔
اداکارہ نے واضح کرتے ہوئے کہا اس سے پہلے کہ کوئی نیوز پورٹل میری شادی کی تاریخ کا اعلان کرے، میں ہی اس غبارے سے ہوا نکال دیتی ہوں کہ یہ افواہیں بالکل بے بنیاد ہیں۔