تھوڑا صبر کر لیں 

    تھوڑا صبر کر لیں 
    تھوڑا صبر کر لیں 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

  مسلم لیگ کی حکومت بنے ابھی سو دن نہیں ہوئے لیکن ان دنوں کی کارکردگی کا اگر ایمانداری سے جائزہ لیا جائے تو بلا شبہ حکومت کا گراف بہتر ہو رہا ہے لیکن میرے ہم وطنوں میں سے ایک طبقہ یہ چاہتا ہے کہ حکومت راتوں رات ہتھیلی پر سرسوں جما کر دکھائے تو مانیں ان سے یہی امید کی جا سکتی ہے کیونکہ ان کا نجات دہندہ سو دن تو کیا ایک ہزار دنوں میں بھی عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہا تھا خدانخواستہ اگر ان کے مسیحا کو دس سال بھی مل جاتے تو بھی سوائے ملک کو دیوالیہ کرنے کے کچھ نہ کر تا خیر چھوڑیں ان کا مقدر تو ہے ہی رونا پیٹنا، یہ کام وہ بخوبی سر انجام دے رہے ہیں 

ان بانوے دنوں میں سب سے اہم اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی لانا ہے جس میں حکومت کافی حد تک کامیابی حاصل کر چکی ہے لیکن اس میں ابھی مزید کام کرنا باقی ہے آٹا گھی دالیں چینی گندم چاول سبزیاں پیاز ٹماٹر ہری مرچ لہسن ادرک اور فروٹ بلاشبہ سستے ہوئے ہیں لیکن اس کا اثر عام آدمی تک بہت کم منتقل ہوا ہے جس طرح آئے روز خبروں میں سننے کو ملتا ہے کہ دس ارب کا بوجھ عوام پر منتقل کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے برائے کرم اسی طرح ریلیف کو بھی عوام تک منتقل کرنے کے لیے ڈیڑھ کروڑ کی گاڑی والے انتظامی افراد کو پابند کریں کہ وہ اپنے ایئر کنڈیشنڈ دفتر سے باہر نکلیں اور دوکانداروں سے سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق اشیاء عوام کے لیے ممکن بنائیں ہر تاجر نے اپنی دکان کے سامنے ریٹ لسٹ لگائی ہوئی ہے لیکن اس کے مطابق سامان نہیں دے رہا

برائلر گوشت کی قیمت میں تقریبا تین سو روپے فی کلو تک کمی ہو چکی ہے لیکن انڈوں کی قیمت اپنی جگہ برقرار ہے اس پر بھی انتظامیہ نوٹس لے لے تو شاید ان کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہو جائے گی

کافی دنوں سے ڈالر کی قدر اپنی جگہ پر مستحکم ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ جیسے ہی یو اے ای کی دس ارب ڈالر کی رقم پاکستان منتقل ہونا شروع ہوگی ڈالر اپنی قدر تیزی سے کھونا شروع کر دے گا اس لیے پاکستان میں جن لوگوں نے ڈالر چھپا رکھے ہیں اگر وہ کسی بڑے نقصان سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو ان سے گزارش ہے کہ فورا" اپنے ڈالر مارکیٹ میں فروخت کر دیں 

سٹاک ایکسچینج ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 7500 انڈیکس پر بند ہوئی جو کہ بلا شبہ حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے یا عوام کا اپنی حکومت پر اعتبار،اسی معاشی استحکام کی وجہ سے موبائل فونز الیکٹرانکس گاڑیاں بھی سستی ہونا شروع ہو گئی ہیں،ان تمام اچھی خبروں کے ساتھ بری خبر یہ ہے کہ عوام جنہوں نے مہنگی بجلی سے بچنے کے لیئے  سو لر لگوائے تھے حکومت ان کے ساتھ ہاتھ کرنے جا رہی ہے یہ کیسی پابندی ہے کہ اگر آپ سولر بھی لگوا رہے ہیں تب بھی تقریبا بارہ گھنٹے حکومت سے مہنگی بجلی ضرور خریدیں گے میرے خیال میں مہنگائی کی چکی میں بری طرح پسے ہوئے عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے عوام نے نہیں بلکہ آ پ نے کئے تھے اس میں غریب عوام کا کوئی قصور نہیں ہے حکومت کو چاہیئے کہ گھریلو صارفین سے زیادہ سے زیادہ بجلی خریدے اور انڈسٹری کو منتقل کرے تاکہ انڈسٹری کے لیئے وافر بجلی سسٹم میں موجود ہو بجائے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے برائے کرم اپنے وزیر انڈسٹری سے کہیں کہ ایسی پالیسیاں بنائیں کہ پہلے مرحلے میں بند انڈسٹری چلنا شروع ہو اور دوسرے مرحلے میں زیادہ سے زیادہ نئی انڈسٹری لگائی جائے تاکہ ملک میں ایکسپورٹ کا ماحول پیدا کیا جا سکے اور ملکی زر مبادلہ میں تیزی سے اضافہ کیا جا سکے،ہسپتالوں کی حالت پہلے سے بہت بہتر ہو رہی ہے لیکن ابھی تک مفت ادویات کا سٹاک پورا نہیں ہوا اس پر مزید کام کی ضرورت ہے۔

آ پ کا نیا منصوبہ موبائل ہسپتال ابھی تک سمجھ سے بالاتر ہے کہ ان ہسپتالوں کا قیام کن علاقوں کے لیے عمل میں لایا گیا؟جبکہ پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بے شمار ہسپتال موجود ہیں پھر اتنی خطیر رقم سے ہسپتال آن ویل کی کیا ضرورت کیوں پڑی

آ پ کے وزیر تعلیم بلا شبہ بہت محنتی انسان ہیں ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے جنہوں نے صدیوں سے موجود با اثر بوٹی مافیا کی جڑیں اکھاڑ دیں اور بہت سی کالی بھیڑوں کو پکڑ کر جیلوں میں ڈالا

جناب! ان چھوٹے چھوٹے حربوں سے باہر نکلیں یہ آ پ کے معیار کے مطابق نہیں، آ پ یہ سوچتے پھریں کہ سولر لگانے والوں سے پیسے کس طرح نکلوائے جائیں برائے کرم آپ انڈسٹری چلانے اور نئی لگانے پر کام کریں جس سے بجلی کی کھپت کی گنجائش پیدا ہو جائے اور بے روزگاری کا خاتمہ بھی ممکن ہو پائے نئے نئے ٹیکس لگانے کی بجائے نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کریں تاکہ آئی ایم ایف کے چنگل سے آ زادی حاصل کی جا سکے ہنر مند افراد کی تعداد کو بڑھانے کے لیے چائنیز ماڈل پر عمل کریں ہر فرد ہنر مند ہوگا تو ریاست ترقی کرے گی،اپنے تعلیمی نظام کو عالمی معیار کے مطابق کریں جس طرح آ پ کے ملک میں ڈگری ہولڈر پیدا کیے جا رہے ہیں ایک دن ایسا آئے گا کہ مریض کم اور ڈاکٹر زیادہ ہو جائیں گے

ملکی آبادی کو اپنا ہتھیار بنا لیں اس کی مثال آپ کے سامنے چائنہ اور ہندوستان کی ہے انہوں نے بڑھتی ہوئی آبادی کو ہی اپنا ہتھیار بنا لیا وہاں پر ہر فرد ہنرمند ہوتا جا رہا ہے اور اس وقت چائنہ، ہندوستان  اور بنگلہ دیش ایشیا کے سب سے بڑی آبادی والے ممالک میں شمار کیے جاتے ہیں لیکن دیکھ لیں انہوں نے بجائے بے نظیر کارڈ بنانے کے فیکٹریاں لگائیں اور اپنے عوام کے لیے باعزت روزگار کمانے کے راستے ہموار کئے میری آپ سے التجا ہے کہ پچیس کروڑ کے اس ہجوم کو ایک ہنر مند قوم بنانے کے لیے پالیسیاں بنائیں انہیں سہولتیں دیں نئے ادارے بنائیں آپ نے آ ج ایسا نہ کیا تو کروڑوں کا یہ روٹی کھانے والا ہجوم وطن عزیز کے لیے وبال جان بن جائے گا اور اپنے عوام سے بھی گزارش ہے کہ آ پ نے بہت مشکلات برداشت کر لیں لیکن تھوڑا صبر اور کر لیں بہت جلد وقت بہتر ہو جائے گا اور آپ کے حالات بدلنا شروع ہو جائیں گے انشاء اللہ۔

مزید :

رائے -کالم -