جلاؤگھیراؤ کیس: اعجاز چودھری کی درخواست ضمانت پر وکلاء سے دلائل طلب،سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) لاہور ہائیکورٹ نے جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں2رکنی بینچ نے اعجاز چودھری کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ متعلقہ فوٹیج کو ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا، 18 ماہ بعد آج بھی سرکار میرے مؤکل خلاف ثبوت نہیں لاسکی، تتیمہ بیان کے تحت کیسز میں نامزد کیا گیا، درخواست گزار براہ راست کسی واقعے میں ملوث نہیں، ایک ہی واقعے کی متعدد ایف آئی آرز درج کی گئیں۔
بعدازاں عدالت عالیہ نے جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کی درخواست ضمانت پر فریقین کے وکلاءسے دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ اعجاز چودھری نے پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے، انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کی درخواست ضمانت خارج کردی تھی، تھانہ سرور روڈ پولیس نے اعجاز چودھری پر کارکنوں کو جلاؤگھیراؤ پر اکسانے کے الزام پر مقدمہ درج کررکھا ہے۔