بھارت میں دولہے کو چولی کے پیچھے گانے پر رقص مہنگا پڑگیا، دلہن کے والد نے بارات واپس لوٹا دی

نئی دہلی (ویب ڈیسک) شادی کے دن کو ہر کوئی یاد گار بنانا چاہتا ہے لیکن بسا اوقات اس کے نتائج غیر متوقع طور پر سنگین ہوسکتےہیں، اب اس بے چارے دولہے کو ہی دیکھ لیں جس کو چولی کے پیچھے گانے پر رقص اس قدر مہنگا پڑا کہ ہونے والے سسر نے اپنی بیٹی کی شادی ختم کرکے بارات کو واپس لوٹا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ نئی دہلی میں پیش آیا جہاں بارات ڈھولک کی تھاپ کے ساتھ دلہا کو لے کر تقریب کے مقام پر پہنچی، دلہا کے دوست اور اہل خانہ خوشی کے اس موقع پر روایتی رقص کر رہے تھے لیکن دولہا کے دوستوں کی ضد نے ایک تنازع کو جنم دیدیا۔
ہوا یوں کہ دولہا نے دوستوں کے اصرار پر بالی ووڈ فلم کھل نائیک کے مشہور گانے ’’چولی کے پیچھے کیا ہے‘‘ پر رقص کیا۔ سب آنے والے خطرے سے انجان خوشی سے تالیاں بجا رہے تھے کہ دلہن کے والد نے اس رقص پر اعتراض اُٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے خاندان کی اقدار کے منافی ہے۔
ایکسپریس کے مطابق دلہن نے والد نے شادی منسوخ کردی اور بارات کو خالی ہاتھ واپس لوٹا دیا۔ اس دوران دلہن اپنے والد کے آگے روتی رہی لیکن انھوں نے ایک نہ سنی۔دولہا کے اہل خانہ نے سمجھا کہ شاید دلہن کے والد غصہ ٹھنڈا ہوجائے گا اور بات چیت دوبارہ شروع ہوجائے گی لیکن دلہن کے والد نے کہا کہ یہ فیصلہ اٹل ہے۔