700 سال سے ایک ہی خاندان کی ملکیت رہنے والا قلعہ فروخت کیلئے پیش، قیمت جان کر ہوش اڑ جائیں

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) برطانیہ کے تاریخی قلعے "رپلی کیسل" کو پہلی بار فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔ یہ قلعہ سنہ 1300 سے ایک ہی خاندان انگلبی فیملی کی ملکیت میں رہا ہے اور اس کی قیمت 17 ملین پاؤنڈ (تقریباً 3 ارب 10 کروڑ روپے) رکھی گئی ہے۔ یہ عظیم الشان قلعہ یارکشائر ڈیلز نیشنل پارک کے قریب واقع ہے اور اس کے ساتھ 445 ایکڑ اراضی بھی فروخت کے لیے پیش کی گئی ہے۔
صدیوں سے یہ قلعہ شاہی دوروں، جنگوں اور کئی اہم تاریخی واقعات کا گواہ رہا ہے۔ موجودہ مالکان سر تھامس اور لیڈی ایما انگلبی نے اسے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ اپنی بقیہ زندگی گھومنے پھرنے اور فرصت کے لمحات گزارنے میں صرف کر سکیں۔ سر تھامس نے دی نیویارک پوسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا "ہم برسوں سے ہفتے کے سات دن کام کر رہے ہیں اور اب تقریباً 70 سال کے ہو چکے ہیں، اس لیے اب وقت آ گیا ہے کہ ہم آزادانہ زندگی گزاریں اور نئی جگہوں کی سیر کریں۔"
یہ قلعہ 14ویں صدی میں سر تھامس انگلبی کی شادی ایڈیلین تھوینگ سے ہونے کے بعد خاندان کی ملکیت میں آیا تھا، اس وقت انگلینڈ کے بادشاہ ایڈورڈ دوم کی حکومت تھی۔ اس طویل عرصے کے دوران یہ قلعہ جنگوں، معاشی اتار چڑھاؤ اور وقت کے بدلتے دھاروں سے گزرتا رہا، مگر ہمیشہ انگلبی خاندان کے پاس ہی رہا۔
قلعے کی تعمیر قرون وسطیٰ کے قدیم طرزِ تعمیر اور جارجیائی دور کی توسیعات کا حسین امتزاج ہے۔ اس کے اندرونی حصے میں "نائٹ چیمبر" خاص اہمیت رکھتا ہے، جو قدیم لکڑی کے پینلز اور منفرد ٹیوڈور طرز کی چھت کے لیے مشہور ہے۔ قلعے کے احاطے میں ایک ہرنوں کا پارک، خوبصورت باغات، 18ویں صدی کا ایک قدیم اورنجری اور ایک کامیاب کاروباری منصوبہ بھی شامل ہے، جو اسے ایک منفرد اور منافع بخش سرمایہ کاری بنا سکتا ہے۔