اعلیٰ عدلیہ میں ججز تقرری: سپیکر نے جوڈیشل کمیشن میں پارلیمانی جماعتوں کی نامزدگی کردی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اعلیٰ عدلیہ میں ججز تقرری کیلئے پارلیمانی جماعتوں کی جوڈیشل کمیشن میں نامزدگی کردی۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اعلیٰ عدلیہ میں ججز تقرری کےلئے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے معاملے پر سپیکر نے سپریم جوڈیشل کمیشن کو خط لکھا ہے جس میں پارلیمانی جماعتوں کی نامزدگی سے آگاہ کیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے لئے قومی اسمبلی سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور مسلم لیگ (ن) کے شیخ آفتاب کو نامزد کیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سینیٹ سے جوڈیشل کمیشن کے لئے فاروق ایچ نائیک اور شبلی فراز کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ خاتون کی نشست پر روشن خورشید بروچہ کو نامزد کیا گیا ہے۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق 26 ویں ترمیم کی منظوری کے بعد جوڈیشل کمیشن میں 5 اراکین پارلیمنٹ شامل ہیں اور تمام نامزدگیاں سیکرٹری جوڈیشل کمیشن کو بھجوادی گئی ہیں جبکہ تمام نامزدگیاں سپریم کورٹ کو موصول ہوگئی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ پارلیمنٹ سے بھجوائے گئے ناموں میں حکومت اور اپوزیشن کی برابر کی نمائندگی ہے۔
واضح رہے کہ 26 ویں ترمیم کے نفاذ کے بعد پارلیمان کی خصوصی کمیٹی نے سپریم کورٹ کے تین سینئر ترین ججز میں جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس مقرر کیا تھا۔