حیدرآباد: ڈاکٹرز کی لاپرواہی، زندہ نومولود بچی کو مردہ کہہ کر والدین کے حوالے کردیا
حیدرآباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )نجی ہسپتال میں نومولود بچی کی ہلاکت پر 2 لیڈی ڈاکٹرز اور ہسپتال ایڈمنسٹریٹر کےخلاف قتل بالسبب کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نومولود بچی کی ہلاکت کا واقعہ حیدرآباد کے نجی ہسپتال میں پیش آیا۔
بچی کے والد نے بتایا کہ 28 اکتوبرکو بچی پیدا ہوئی اور 2 روز بعد 30 اکتوبرکو ڈاکٹر نے کپڑے میں لپیٹ کربچی کے انتقال کی خبردی۔
بچی کے والد کے مطابق گھر آکر دیکھا تو نومولود زندہ تھی اور اس کے ہاتھ ہل رہے تھے جس کے بعد بچی کوسول ہسپتال لے جایا گیا لیکن 31 اکتوبر کو شام میں بچی انتقال کرگئی۔
پولیس نے بچی کی ہلاکت پر 2 لیڈی ڈاکٹر اور ہسپتال ایڈمنسٹریٹر کےخلاف قتل بالسبب کا مقدمہ درج کرلیا۔
والد کے مطابق پولیس نے انہیں بتایا کہ نامزد ملزمان نے عدالت سے ضمانت کرالی ہے اور عدالت نے ملزمان کو پولیس سے تعاون اور 11 نومبر کودوبارہ پیش ہونےکا حکم جاری کیا ہے۔