ایس او ٹی ایونٹس 2024 کا کراچی میں آغاز

ایس او ٹی ایونٹس 2024 کا کراچی میں آغاز
ایس او ٹی ایونٹس 2024 کا کراچی میں آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی( ڈیلی پاکستان آن لائن) بیکن ہاؤس کی جانب سے منعقد کیے جانے والے 17ویں "ایس او ٹی ایونٹس" کا آغاز کراچی کے بیچ لگڑری ہوٹل میں ہوگیا۔ دو روزہ مستقبل کے حوالے سے ایونٹ کا اس سال موضوع "مستقبل کے محافظ: جنریٹو اے آئی کے ساتھ کل کی تشکیل" ہے۔

گزشتہ 24 سال سے ایس او ٹی ایونٹس معاشرے کے مستقبل کے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کا اہم پلیٹ فارم رہا ہے۔ گزشتہ سال، 16ویں ایڈیشن میں، جنریٹو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے تبدیلی کے پہلو اور اس کے دنیا پر پڑنے والے اثرات پر توجہ دی گئی تھی۔ رواں سال، ایس او ٹی میں اے آئی کے کردار کو مزید گہرائی سے جانچنے کا ارادہ کیا گیا ہے، جس میں صنعتوں کی تشکیل نو، تخلیقی صلاحیتوں کی نئی تعریف، اور ملکیت و ذمہ داری کے روایتی تصورات کو چیلنج کرنا شامل ہے۔

ایس او ٹی XVII میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے دانشوروں، ماہرین اور تبدیلی کے علمبرداروں کو مدعو کیا گیا ، تاکہ مستقبل کے حوالے سے گہرے مباحثے اور مستقبل سے متعلق تبادلہ خیال کو فروغ دیا جا سکے۔ پینل ڈسکشنز، ورکشاپس، مباحثے، انٹرویوز اور کلیدی خطابات کے ذریعے، اس ایونٹ کا مقصد ایک تیزی سے بدلتی دنیا کے لیے بصیرت اور حل فراہم کرنا ہے۔

پہلے روز کے اہم موضوعات میں سماجی مسائل، صحت، فلاح و بہبود، صنف، تنوع، ماحولیاتی تبدیلی، فیشن، تعلیم، اور سائبر سیفٹی شامل تھے۔ اس ایونٹ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں اے آئی ورچوئل شخصیات کو بھی پینل مباحثوں میں شامل کیا گیا ہے، جو ایک منفرد تجربہ فراہم کر رہے ہیں۔ ایونٹ کا آغاز آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے کے کلیدی خطبے سے ہوا۔ دیگر نمایاں شرکائ میں صنم سعید، محب مرزا، ونیزہ احمد، ڈاکٹر پرویز ہودبھائی، زوریز لاشاری، نفیسہ شاہ، محسن نوید رانجھا، اور ٹپو جویری شامل ہیں۔

ایس او ٹی 2024 کے دو روز میں 30 سے زائد فکر انگیز سیشنز اور 100 سے زائد بااثر مقررین اس ایونٹ میں شامل ہیں، جن میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز مورْو اور فائزہ سلیم؛ میڈیا شخصیات ٹینا ثانی اور ندیم بیگ؛ ممتاز ماہرین تعلیم ڈاکٹر سہیل نقوی اور ڈاکٹر عرفہ سید زہرا؛ معروف صحافی وسعت اللہ خان اور عنبر رحیم شمسی؛ نمایاں کھلاڑی حیدر علی اور فائقہ ریاض؛ جبکہ آئی ٹی ماہرین ڈاکٹر باسط ریاض شیخ اور جاذب ظاہر شامل ہیں۔ رواں سال کے ایونٹ میں ایک خصوصی سائنسی نمائش بھی شامل ہے جو میگنی فائنس سائنس کے تعاون سے تیار کی گئی ہے جو شرکائ کو ایک انٹرایکٹو تجربہ فراہم کرتی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، ایس او ٹی ایونٹس کے چیئرمین اور بیکن ہاؤس اسکول سسٹم کے سی ای او قاسم قصوری نے کہا، "اے آئی کے بدلتے ہوئے رجحانات کے ساتھ، ایس او ٹی کا مرکزی موضوع 'مستقبل کے محافظ' نئے معنی لے رہا ہے۔ اے آئی ہماری زندگی کے ہر پہلو کو تبدیل کر رہا ہے، اور یہ ضروری ہے کہ ہم بطور فرد اور کمیونٹی، مستقبل کی تشکیل کے لیے رہنمائی، قیادت، اور حمایت کے کردار ادا کریں۔ ایس او ٹی میں، ہم اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ اے آئی کو کیسے ذمہ دارانہ طور پر اپنی زندگی میں شامل کیا جا سکے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ مستقبل کی نسلیں ایک ایسی دنیا میں رہیں جس میں ٹیکنالوجی کی افزائش ہو، مگر انسانی اقدار پر بھی قائم رہے۔"

ایس او ٹی ایونٹس عوامی پروگرام ہے جس میں ہر ایک کیلئے داخلہ مفت ہے ، اس ایونٹ کا آغاز 2000 میں بیکن ہاؤس نے اپنی سماجی ذمہ داری کے تحت کیا تھا۔ ایس او ٹی کانفرنسز میں دنیا بھر کے 1000 سے زائد دانشوروں اور تبدیلی کے علمبرداروں نے شرکت کی ہے، جن میں سربراہان مملکت، وزرائے اعظم، بڑے عالمی اداروں کے سربراہان، اور امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ملائشیا، تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک کی نمایاں شخصیات شامل ہیں۔