اسلام آباد میں غیرقانونی ہاﺅسنگ سکیموں کی تعداد سامنے آگئی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی مبینہ غفلت کے سبب وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیموں کی تعداد حالیہ عرصے میں تیزی سے بڑھی ہے۔ صورتحال کی سنگینی کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ اب تک اسلام آباد میں غیرقانونی ہاﺅسنگ سکیموں کی تعداد 149تک جا پہنچی ہے۔
یہ ہاﺅسنگ سکیموں شہریوں کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا رہی ہیں اور سی ڈی اے خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ 85غیرقانونی ہاﺅسنگ سوسائٹیز زون فور میں ہیں۔ زون ون میں 20، زون ٹو اور زون تھری میں سات سات اور زون فائیو میں 30غیرقانونی ہاﺅسنگ سوسائٹیز ہیں۔
اگرچہ سی ڈی اے کی طرف سے ان سکیموں کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں لیکن ان کی تعداد کم ہونے کی بجائے بڑھتی جا رہی ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ کوئی بھی شخص ان غیرقانونی سکیموں میں سرمایہ کاری کرکے نقصان اٹھاتا ہے تو سی ڈی اے اس کی ذمہ داری نہیں لیتی۔