سعودی عرب میں ایک ہفتے کے دوران 21 ہزار سے زائد افراد گرفتار
ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن) سعودی عرب میں گزشتہ ہفتےغیر قانونی تارکین کے خلاف کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی نے 21 ہزار 370 غیر قانونی تارکین وطن گرفتار کئے ہیں۔
مشترکہ کمیٹی کی جانب سےجاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ گرفتاریاں 24 اکتوبر سے 30 اکتوبر 2024 کے درمیان ہوئی ہیں جن میں سے 12274 اقامہ قوانین کی خلاف ورزی،5684 گرفتار شدگان سرحدی قوانین کی خلاف ورزی جبکہ 3412 تارکین لیبر قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔سرحد عبور کرکے ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش میں 1492 افراد گرفتار ہوئے ہیں جن میں سے 35 فیصد یمنی، 61 فیصد ایتھوپی جبکہ 4 فیصد دیگر ممالک کے تارکین وطن تھے۔سرحد عبور کرکے غیر قانونی طور پر ملک سے باہر جانے کی کوشش کرتے ہوئے 34 افراد گرفتار ہوئے ہیں،غیر قانونی تارکین وطن کو سہولت فراہم کرنے پر 15 افراد گرفتار ہوئے ہیں۔وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنا سنگین جرم ہے جس پر 15 سال قید اور 10 لاکھ ریال جرمانہ ہوسکتا ہے۔