صوبائی حکومت نے چترال میں ایمرجنسی نافذ کردی
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) خیبرپختونخوا حکومت نےاپر چترال میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نےمون سون بارشوں ،گلیشیئر پھٹنے اور سیلابی ریلوں سے تباہی کے پیش نظر متاثرہ علاقے میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کی، سیکرٹری ریلیف نے ایک ماہ کے لئے ہنگامی حالت کا اعلامیہ جاری کردیا۔اپر چترال میں مون سون بارشوں، گلیشئر پھٹنے اور اس کے نتیجے میں سیلابی ریلوں نے وسیع پیمانے پر تباہی مچائی۔ جس سے سڑکیں ،پل ،نجی وسرکاری عمارات سمیت دیگر انفراسٹکچر کو نقصان پہنچا ۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سیکرٹری ریلیف نے اپر چترال میں ایمرجنسی کا نفاذ کردیا ہے جو کہ 30 اگست تک نافذ رہے گی ۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور پہلے ہی اپر چترال میں انتظامیہ کی چھٹیاں منسوخ اور انہیں موقع پر موجود رہنے کی ہدایت کرچکے ہیں ۔