جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ماضی کی کوتاہیاں فراموش کرنی ہونگی،زاہد محمود

جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ماضی کی کوتاہیاں فراموش کرنی ہونگی،زاہد محمود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)مرکزی علماء کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ2020ء کا سال ماضی کی کوتاہیوں اور فروگزاشت کو کم کرتا نظر آئے تو جمہوریت کا کاررواں تیز تر ہوگا۔ اداروں کے مقام و احترام کے تقاضے پورے کرنے چاہئیں اور دوسرے اداروں کی تکریم اور احترام کو قائم رکھنا ہوگا۔یہ بات ملک کیلئے خوش کن اور حوصلہ افزاء ہے کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم پر حکومت اور اپوزیشن غیر مشروط طور پر ایک ٹیبل پر جمع ہوئے ہیں۔ سیاسی مشاورت اور اتفاق رائے سے معاملات کو حل کرنا جمہوریت کاحسن ہے۔افواج پاکستان کو پارلیمنٹ میں متنازعہ بنانا اور اس پر پارلیمنٹ میں بحث کرنا یہ ملکی سلامتی کیخلاف سازشیں ہوں گی۔


۔اس منصوبے کو حکومت اور اپوزیشن مل کر ناکام بنائے۔اس عمل سے پاکستان کا وقار دنیا بھر میں ایک نئی جہت کے ساتھ ابھرے گا۔حکومت کو اپنی کارکردگی بہتر سے بہتر بنانے کی طرف توجہ دینا ہوگی۔ سال نیا اور انداز سیاست پرانے تبدیل کرنا ہوں گے۔ پوری قوم اللہ کی طرف رجوع کرے۔قرآن وسنت پر عمل پیرا ہوکر معاشرے میں امن اور ملک میں استحکام لایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرانسپورٹروں کے ساتھ مذاکرات کئے جائیں۔ قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانوں اور ٹول ٹیکس میں بے جا اضافوں پر سراپا احتجاج ہوناٹرانسپوٹر یونین کا جائز مطالبہ ہے۔ حکومت اضافی جرمانوں کا نوٹیفکیشن واپس لے اور تاجروں کے ساتھ مذاکرات کئے جائیں۔