بجلی چوری میں ملوث سیپکو کا سپروائزر ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار
سکھر (ڈیلی پاکستان آن لائن )ایف آئی اے نے بجلی کی چوری میں ملوث سیپکو کے سپروائزر کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق ایف آئی اے شہید بے نظیر آباد نے ایک کارروائی کے دوران بجلی چوری میں ملوث سیپکو کے میٹر سپروائزر کو گرفتار کرلیا۔ ملزم غلام مصطفی سیپکو ڈویژن مورو میں بطور میٹر سپروائزر تعینات تھا۔ملزم نے انڈسٹریل اور کمرشل صارفین کے ساتھ مل کر بجلی چوری کی۔ آٹا چکی مالکان گرفتار ملزم کی معاونت سے ڈائریکٹ تار لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے جبکہ ملزم غلط ریڈنگ کے عوض مالی فوائد حاصل کرتا رہا۔ملزم کی وجہ سے بجلی چوری کے نتیجے میں قومی خزانے کو 62 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا۔ ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔