کراچی، ڈاکوﺅں نے دکاندار کو سینے پر گولیاں مار کر قتل کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں ڈکیتی میں مزاحمت پر مسلح افراد نے دکاندار کو جان سے مار دیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ڈاکوﺅں کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق سچل تھانے کی حدود میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک دکاندار کو ڈکیتی میں مزاحمت کرنے پر دکان کے اندر ہی قتل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 55 سالہ خان محمد کے نام سے ہوئی ہے جو پانچ بچوں کا باپ اور پچھلی گلی میں ہی رہائش پذیر تھا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر علاقے کی ناکہ بندی کردی تھی اس دوران سپر ہائی وے جمالی گوٹھ میں پولیس نے ڈاکوں کے گرد گھیرا تنگ کیا اس موقع پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی، جوابی فائرنگ میں ایک ملزم زخمی بھی ہوگیا۔پولیس حکام کے مطابق دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کے قبضے سے چھینا گیا موبائل فون اور نقدی برآمد کرلی گئی ہے جبکہ گرفتار ملزمان نے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔