حوثیوں نے تل ابیب پر میزائل داغ دیا، اس دوران اسرائیل جانے والے بھارتی طیارے  کو کہاں موڑنا پڑا؟

حوثیوں نے تل ابیب پر میزائل داغ دیا، اس دوران اسرائیل جانے والے بھارتی طیارے ...
حوثیوں نے تل ابیب پر میزائل داغ دیا، اس دوران اسرائیل جانے والے بھارتی طیارے  کو کہاں موڑنا پڑا؟
سورس: File

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی دارالحکومت نئی  دہلی سے اسرائیل کے دارالحکومت  تل ابیب جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز کو اتوار کے روز اس وقت ابوظہبی کی طرف موڑ دیا گیا جب اسرائیلی شہر کے بن گوریان ایئرپورٹ کے قریب میزائل حملہ ہوا۔پرواز AI139 جب اردن کی فضائی حدود میں تھی تو یہ فیصلہ کیا گیا کہ اسے ابوظہبی لے جایا جائے۔ ایئر انڈیا کے ترجمان کے مطابق پرواز معمول کے مطابق ابوظہبی میں اتری اور اب جلد دہلی واپس روانہ ہوگی۔ ایئر لائن نے اعلان کیا ہے کہ 6 مئی 2025 تک دہلی تل ابیب کی تمام پروازیں معطل رہیں گی تاکہ مسافروں اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایئر انڈیا نے کہا ہے کہ 4 سے 6 مئی کے درمیان بکنگ رکھنے والے تمام مسافروں کو تاریخ کی تبدیلی یا مکمل رقم واپسی کی سہولت دی جائے گی۔ ترجمان نے واضح کیا کہ کمپنی کے لیے اپنے مسافروں اور عملے کی سلامتی اولین ترجیح ہے۔

ادھر اسرائیلی پولیس کے مطابق یمن سے داغے گئے ایک میزائل کے بعد تل ابیب کے بن گوریان ایئرپورٹ پر کچھ وقت کے لیے ہوائی ٹریفک روک دی گئی۔ میزائل ایئرپورٹ کے نزدیک ایک سڑک کے قریب گرا جہاں زمین میں بڑا گڑھا بن گیا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق اس حملے میں چار افراد معمولی زخمی ہوئے۔

حوثی باغیوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے غزہ جنگ کے دوران فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر تل ابیب کے ایئرپورٹ پر ہائپرسانک بیلسٹک میزائل داغا۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ اس حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔