سیکیورٹی فورسز کی کے پی میں 2مختلف کارروائیاں،6خوارج ہلاک
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) 3/4 نومبر کی درمیانی شب خیبر پختونخوا میں 2 مختلف جھڑپوں کے نتیجے میں6 خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقہ دوسالی میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران پاک فوج نے خوارج کے مقام پر مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ایک خارجی احمد شاہ المعروف انظار ہلاک ہوا۔
ایک اور واقعے میں سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقہ خمرنگ میں خوارج کےایک گروپ کی پاکستان-افغانستان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش ناکام بنادی، جس کے نتیجے میں 5 خوارج ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے عبوری افغان حکومت سے مسلسل مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی جانب سرحد کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنائے۔ عبوری افغان حکومت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ افغان سرزمین کو خوارج کے لیے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے عمل کے لیے استعمال کرنے سے روکے۔
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنے سرحدوں کی حفاظت اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عزم و ہمت کے ساتھ پرعزم ہیں۔