آدمی نے سگریٹ پینا چھوڑ کر 8 سال میں اتنی رقم کما لی کہ اپنا گھر بنانے کے قابل ہوگیا

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ایک شخص نے سگریٹ نوشی ترک کرکے 8سال میں اتنی رقم جمع کر لی کہ اپنا گھر بنانے کے قابل ہو گیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ کے رہائشی اس شخص کا نام وینوگوپال نائر ہے ۔ اس نے 8سال قبل سگریٹ نوشی ترک کرنے اور اس پر خرچ ہونے والی رقم جمع کرنے کا فیصلہ کیا اور اب اس کے پاس 5لاکھ روپے جمع ہو چکے ہیں اور وہ نیا گھر تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
نائر کا کہنا تھا کہ ”میں 13سال کا تھا جب مجھے سگریٹ نوشی کی لت پڑی۔ایک وقت میں میں اس کا ایسا عادی ہو گیا کہ پیکٹ پر پیکٹ پھونکنے لگا۔ جب میں نے سگریٹ پینا ترک کیا اس وقت ایک پیکٹ کی قیمت 50روپے تھی اور میں روزانہ ڈیڑھ سے دو پیکٹ پی جایا کرتا تھا۔ میری عمر بھی اس وقت 60سے اوپر ہو چکی تھی اور میرے سینے میں درد رہنے لگا تھا اور صحت بہت خراب رہتی تھی۔ سگریٹ چھوڑنے سے میری صحت بھی بالکل ٹھیک ہو گئی اور اب پانچ سال کے عرصے میں میں نے اتنی رقم بھی بچا لی ہے کہ نیا گھر تعمیر کرنے جا رہا ہوں۔“