چاہت فتح علی خان نےاپنا موازنہ ایک مشہوراداکارہ سے کردیا
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کے سپر ہٹ ڈرامے ”کبھی میں کبھی تم“ میں اداکارہ ہانیہ عامر کے کردار ”شرجینا“ سے چاہت فتح علی خان نے خود کا موازنہ کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔
اس ڈرامے میں ہانیہ عامر کا نو میک اپ لُک سب کو ایسا بھایا کہ کیا ناصرف لڑکے بلکہ لڑکیاں بھی شرجینا کی خوبصورتی کے قصیدے پڑھتی نظر آئیں۔
جہاں ہانیہ عامر کی خوبصورتی کا اعتراف ساری دنیا کر رہی ہے وہیں پاکستان میں بے سرے گلوکار قرار دیے جانے والے چاہت فتح علی خان نے بھی شرجینا کی لئے ویڈیو جاری کی ہے۔
ویڈیو کے آغاز میں چاہت فتح ”کبھی میں کبھی تم“ کو اپنے بے سُرے انداز میں گاتے سنائی دیے اور کہا کہ ’یہ میرا اگلا گانا نہیں ہے بلکہ یہ ڈراما ہے جو میں گزشتہ کئی ماہ سے دیکھ رہا ہوں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس میں فہد مصطفیٰ نے بہت بہترین کام کیا ہے، مجھے لگتا ہے فہد بھائی آپ اپنے فن کی بلندیوں پر ہیں، آپ نے کوشش کرنی ہے کہ اس ڈرامے کی آخری قسط میں آپ نے خودکشی نہیں کرنی، مایوس نہیں ہونا، کیونکہ شرجینا آپ کی ہیں‘۔
اس کے بعد چاہت فتح نے شرجینا کے گالوں پر پڑنے والے ڈمپل کا ذکر چھیڑتے ہوئے کہا کہ ’شرجینا کے بھی گالوں پر ڈمپل پڑتے ہیں اور میرے بھی‘۔
چاہت فتح کا اپنا موازنہ شرجینا سے کرنا سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر گیا ہے اور مداح ہانیہ عامر سے درخواست کر رہے ہیں کہ وہ کسی بھی طرح اپنے ڈمپل ختم کروا کر انہیں بھروا دیں۔