جسٹس منصور علی شاہ کو سلیکٹیو سینس آف جسٹس زیب نہیں دیتا: خواجہ آصف
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج منصور علی شاہ کے خط پر ردعمل میں کہا ہے کہ یہ سلیکٹیو سینس آف جسٹس آپ کے مقام کو زیب نہیں دیتا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر جسٹس منصور علی شاہ کے خط پر ردعمل دیتے ہوئے خواجہ آصف نے لکھا کہ نہایت محترم جسٹس منصور علی شاہ صاحب نے خط میں ایک خدشے کا اظہار فرمایا ہے، انہیں خدشہ ہے کہ ان کے خط کے مندرجات پر عمل نہ ہوا تو عوام کا عدلیہ سے اعتماد اٹھ جائے۔
انہوں نے لکھا کہ محترم جج صاحب اعلیٰ عدلیہ کے ساتھ عرصہ دراز سے وابستہ ہیں، ان کی اس وابستگی کے دوران عدلیہ کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ اس کے عینی گواہ ہیں، ثاقب نثار، آصف سعید کھوسہ، اعجاز الاحسن اور مظاہر نقوی عدلیہ کا وقار پامال کرنے والے چند نام ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بہت سے اور بھی صاحبان عدلیہ کے وقار کو پامال کرنے والے ہیں، محترم شاہ صاحب اُس وقت عوام کا اعتماد مجروح ہونے کا آپ کو خیال نہ آیا، یا یہ شکایت کسی ذاتی وجہ سے ہے؟ محترم شاہ صاحب آپ بہت بڑے مقام پہ فائز ہیں، میرے لئے آپ محترم ہیں، محترم شاہ صاحب یہ سلیکٹیو سینس آف جسٹس آپ کے مقام کو زیب نہیں دیتا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جسٹس منصور علی شاہ نے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کو خط لکھ کر کہا تھا کہ 26 ویں ترمیم کیخلاف درخواستوں کے فیصلے تک جوڈیشل کمیشن کا اجلاس مؤخر کیا جائے۔جسٹس منصور علی شاہ نے چیف جسٹس پاکستان کے نام خط میں 26 ویں ترمیم کے خلاف درخواستوں کی سماعت کیلئے فل کورٹ بنانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ رجسٹرار سپریم کورٹ کو درخواستیں سماعت کیلئے لگانے کا حکم دیں۔