پی ٹی آئی کی لیول پلیئنگ فیلڈ کی درخواست،چیف سیکرٹری نے رپورٹ جمع کرادی، کیا کہا؟ جانیے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی لیول پلیئنگ فیلڈنہ فراہم کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب نے سپریم کورٹ میں تفصیلی رپورٹ جمع کروادی ۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے رپورٹ میں کہا کہ حکومت پنجاب پرامن ،آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام اقدامات اٹھانے کیلئے پر عزم ہے، الیکشن کمیشن کی جانب آنے والی ہدایت کو تمام ڈی آر اوز کو عملدرآمد کیلئے بھجوایا گیا، ہدایات ڈی آر اوز سمیت دیگر افسران کو بھجوائی گئیں تاکہ تمام امیدواروں بلا خوف خطر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا سکیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کاغذات نامزدگی کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایات کی گئیں، آرٹیکل 220 کے مطابق پرامن شفاف انتخابات کیلئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کی بھی ہدایت کی گئی،قومی اسمبلی کی 141 جنرل نشستوں پر 3621 اور پنجاب کی 297 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 8935 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، کاغذات نامزدگی کی منظوری کا مجموعی تناسب تقریباً 85 فیصد رہا،شاید کوئی ایسا اہم واقعہ ہوا ہو جس میں امیدوار یا اس کے تجویز کنندہ یا حمایتی کاغذات داخل نہ کر سکے ہوں۔
چیف سیکرٹری پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز کی رپورٹس کے مطابق کل درخواستوں میں سےپی ٹی آئی کے 1195 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے،مسترد شدہ کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں متعلقہ الیکشن اپیلٹ ٹربیونلز میں دائر کی جا رہی ہیں۔