نیٹو سپلائی کی قیمت عوام کی چکانا پڑے گی، شیخ قیصر محمود
لاہور(پ ر) پاکستان مسلم لیگ ن اوورسیز کے مرکزی سیکرٹری جنرل شیخ قیصر محمود نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کے حوالے سے منتخب پارلیمینٹ کو بائی پاس کیا گیا، حکومت نے یہ اہم اور حساس فیصلہ کرتے وقت قومی قیادت تک کو اعتماد میں نہیں لیا، عاقبت نا اندیش حکمران ایک بار پھر قومی مفادات کے تناظر میں نیٹو سے اپنی شرطیں منوانے میں ناکام رہے، نا اہل حکمرانوں نے کس بنیاد پر نیٹو سپلائی کی بحالی کو قومی مفاد سے تعبیر کیا ہے، یقینا اس خدمت پر انہیں کافی موٹا اور نقد فائدہ ملے گا، اس ڈیل یا ڈھیل کے بدلے میں نیٹو سے جو بھی نذرانہ ملے گا وہ حکمرانوں کی جیب میں جائے گا لیکن اس متنازعہ فیصلے کی قیمت ایک بار پھر پاکستان کے عوام کو چکانا پڑے گا، اپنے ایک بیان میں شیخ قیصر محمود نے مزید کہا کہ عدلیہ کو یرغمال بنانے کے حوالے سے اتحادی حکمرانوں کی بدنیتی اور منصوبہ بندی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔