سیاسی معاملات سے وفاق المدارس کا کوئی تعلق نہیں،مولانا عبدالمجید

سیاسی معاملات سے وفاق المدارس کا کوئی تعلق نہیں،مولانا عبدالمجید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاق المدارس ایک تعلیمی ادارہ ہے،کسی قسم کے سیاسی معاملات سے وفاق المدارس کا کوئی تعلق نہیں،کسی بھی جماعت سے وابستگی رکھنے والوں کی حمایت یا مخالفت وفاق المدارس کی روایت نہیں رہی،مقامی علماء کرام اپنے حالات کے پیش نظر کوئی بھی فیصلہ کر سکتے ہیں لیکن اسے وفاق المدارس کی طرف منسوب نہ کیا جائے ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ کے مرکزی ناظم دفتر مولانا عبدالمجید نے بعض اخبارات میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے حوالے سے چھپنے والی خبروں کے حوالے سے اپنے ایک وضاحتی بیان میں کیا۔ قائدین وفاق المدارس کی ہدایت پر جاری ہونے والے اس بیان میں کہا گیا کہ وفاق المدارس ایک تعلیمی ادارہ ہے جو کسی قسم کی سیاسی سرگرمیوں کا حصہ نہیں بنتا اور کسی بھی جماعت سے وابستگی رکھنے والے امیدواروں اور سیاستدانوں کی حمایت یا مخالفت وفاق المدارس کی روایت نہیں رہی،مرکزی دفتر سے جاری ہونے والے اس پریس ریلیز میں واضح کیا کہ وفاق المدارس سے وابستگی رکھنے والے کئی علماء مساجد کے ائمہ و خطباء اور عوامی اثر و رسوخ کے حامل ہوتے ہیں وہ مقامی طور پر جو بھی مناسب سمجھیں فیصلہ کرنے کے مجاز ہیں لیکن کسی کے کسی فیصلے کو وفاق المدارس کی طرف منسوب نہ کیا جائے،گزشتہ دنوں ملک کے موقر اخبارات میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے بعض علماء کی جانب سے امیدوار کی حمایت میں ڈپٹی سیکریڑی وفاق کے حوالہ سے وفاق المدارس کی جانب سے حمایت کا ایک تاثر قائم کیا گیا جو وفاق کی پالیسی کے منافی ہے،اور ڈپٹی سیکریڑی کا کوئی عہدہ وفاق المدارس میں نہیں ہے،اس لیئے ذرائع ابلاغ کے اداروں سے درخواست ہے کہ وفاق المدارس کی جانب سے مستقل میڈیا کوارڈینٹرز مقرر ہیں جو وفاق کی پالیسی کے مطابق میڈیا کو آفیشل بیان جاری کرنے کے مجاز ہیں۔