مریم نواز مری کے صحافیوں کو گھر بناکر دیں گی، عظمیٰ بخاری نے خوشخبری سنا دی

مریم نواز مری کے صحافیوں کو گھر بناکر دیں گی، عظمیٰ بخاری نے خوشخبری سنا دی
 مریم نواز مری کے صحافیوں کو گھر بناکر دیں گی، عظمیٰ بخاری نے خوشخبری سنا دی
سورس: فائل فوٹو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )  صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نوازشریف کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بھی مری دوسرا گھر ہے۔جب سے مریم نواز حکومت میں آئیں ہیں انہوں نے مری کی ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے۔ ٹورسٹ ٹرین انفراسٹرکچر ہو یا ہسپتال ہوں، مریم نواز مری میں ہر شعبے میں توجہ دے رہی ہیں۔ ہم بہت جلد بی ایچ یوز اور  ٹی ایچ کیوز میں دل کی لیبارٹری اور مری کے ہسپتال بہتر کریں گے۔ مری میں بہت جلد سپیشلائزڈ ہسپتال قائم کریں گے۔ مری کو بہت جلد ضلع کا درجہ دیدیا جائے گا۔ مری کے صحافیوں کو فلیٹس بناکر دئیے جائیں، رجسٹرڈ صحافیوں کی لسٹ لاہور بھجوا دیں تو پنجاب حکومت سے مری کے صحافیوں کے لئے ہاؤسنگ سوسائٹی اور پریس کلب کی جگہ کی بات کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مری پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ میں مری پریس کلب کے عہدیداران کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ اگر علاقائی رپورٹرز کام کرتے ہیں تو انہیں تنخواہ دی جائے۔ اس حوالے سے میں میڈیا مالکان سے بات کروں گی۔ مریم نواز مری کے صحافیوں کو گھر بناکر دیں گی۔  ہم تمام ڈسٹرکٹ کی طرح  مری پریس کلب کو بھی سالانہ گرانٹ دیں گے۔ ویج بورڈ ایوارڈ کیلئے میں خود بات کروں گی۔

 انکا مزید کہنا تھا کہ ہم علاقائی رپورٹرز کے مسئلے کا حل ضرور نکالیں گے۔ مری میری لیڈر کے دل کے بہت قریب ہے، جب دوسری بار آؤں تو چاہتی ہوں نئے پریس کلب کا افتتاح کروں۔ مری میں غیر قانونی تعمیرات اور ٹریفک کے مسائل پر بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ٹریفک کے مسائل کی وجہ سے لوگوں کو کئی کئی گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ پنجاب حکومت مری کے لئے گلاس ٹرین لے کر آرہی ہے جس سے ٹریفک سے مسائل کم کرنے ہیں مدد ملے گی۔