امریکی انتخابات میں روسی مداخلت ، ٹرمپ کو رابرٹ میولر کی برطرفی سے روکنے کیلئے سینیٹ میں بل پیش

امریکی انتخابات میں روسی مداخلت ، ٹرمپ کو رابرٹ میولر کی برطرفی سے روکنے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) امریکہ کے گزشتہ صدارتی انتخابات میں روس کی مداخلت کی تفتیش کرنیوالے سپیشل پراسیکیوٹر جنرل رابرٹ میولر کو قوت فراہم کرنے کیلئے سینیٹ میں ایک نیا بل پیش کیا گیا ہے۔ یہ بل ری پبلکن پارٹی کے سینیٹر تھامس ٹیلس اور ڈیمو کریٹک پارٹی کے سینیٹر کرس کونز نے مل کر پیش کیا ہے جس کا مقصد اس کے محرکین کے نزدیک محکمہ انصاف پر عوام کے اعتماد کو ازسر نو قائم کرنا ہے۔ نا ر تھ کیرولینا کے سینیٹر تھامس ٹیلس نے اتوار کو ’’اے بی سی نیوز‘‘ کو انٹرویو میں بتایا کہ اس بل کے ذریعے رابرٹ میولر کا دفاع کیا جائے گا اور تفتیش کی سنگینی سے بچنے کے مقصد سے ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے انہیں برطرف کرنے کی کوشش سے روکا جاسکے گا۔اس دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل راڈ روز نسٹائن نے ’’فوکس نیوز‘‘ کو انٹرویو میں واضح کیا ہے کہ سپیشل پراسیکیوٹر جنرل رابرٹ میولر کو اگر اپنی تفتیش کا دائرہ وسیع کرنا ہے تو اسے پہلے مجھ سے رجوع کرکے اس کی منظوری لینی ہوگی۔ یاد رہے چونکہ اٹارنی جنرل جیف سیشنز نے تفتیشی امور سے علیحدگی اختیار کرلی ہے، اس لئے ان کے نائب ڈپٹی اٹارنی جنرل نے سپیشل پراسکیوٹر جنرل مقرر کیا تھا اور وہی ان کے کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔ مسٹر روز نسٹائن اس رپورٹ پر تبصرہ کر رہے تھے جس میں بتایا گیا تھا رابرٹ میولر روسی حکام کی مداخلت کی تفتیش میں ’’ممکنہ مالی جرائم‘‘ کو بھی شامل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انکا کہنا تھا اگر مسٹر میولر کو مالی جرائم کے کچھ شواہد ملتے ہیں تو پھر انہیں میرے ساتھ بات چیت کرکے ضابطے کے مطابق اپنی تفتیش کا دائرہ کار بڑھانے کی اجازت لینی ہوگی جو ان کو مل سکتی ہے، تاہم ان کا کہنا تھا یہ معاملات خفیہ رہنے چاہئیں اور میڈیا میں ان کا ذکر آنا مناسب نہیں ہے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے مسٹر میولر کی طرف سے ’’گرینڈ جیوری‘‘ کا سلسلہ شروع کرنے کی حما یت کرتے ہوئے کہا انہیں اس کا اختیار حاصل ہے،اس کیساتھ ہی کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے ڈیمو کریٹک کانگریس مین آدم شیف نے کہا ہے کہ مسٹر میولر ’’گرینڈ جیوری‘‘ کا اعلان ثابت کرتا ہے کہ اب ٹرمپ ٹیم کی روس کیساتھ ملی بھگت کی تفتیش ایک نازک مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔
بل پیش

مزید :

علاقائی -