آئی پی پیز سے مذاکرات ، ایک اور کمپنی سے معاملات طے پا گئے
لاہور(آئی این پی ) انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسر( آئی پی پیز )سے مذاکرات کے نتیجے میں ایک اور کمپنی سے معاملات طے پا گئے۔
ذرائع وزارت توانائی کے مطابق آئی پی پی سیف پاور لمیٹڈ کے بورڈ نے حکومت کے ساتھ ترمیم شدہ پاور پرچیز معاہدوں پر عمل درآمد کی منظوری دے دی۔موجودہ ٹیرف تبدیل کر کے ٹاسک فورس کی تجویز کردہ ٹیرف پر نظر ثانی کی گئی ہے، سیف پاور کمپنی ہائبرڈ ٹیک اینڈ پے ٹیرف معاہدے پر عمل کی پابند ہوگی، کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کر دیا، دیگر پاور مالکان سے بات چیت آخری مراحل میں داخل ہو چکی۔
وزارت توانائی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 31 دسمبر تک مزید معاہدے سامنے آئیں گے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حکومت مالی چیلنجوں سے نمٹنے اور بجلی کے شعبے کو ہموار کرنے کے لیے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی یا پھر انھیں ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ شرائط و ضوابط کے تحت ترمیمی معاہدے کا اطلاق یکم نومبر 2024 سے ہوگا۔
سیف پاور لمیٹڈ 11 نومبر 2004 کو پاکستان میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم ہوئی، 225 میگاواٹ کی گنجائش والا کمبائنڈ سائیکل پاور پلانٹ اس کی ملکیت ہے، جسے چلانا، دیکھ بھال کرنا اور اس سے پیدا شدہ بجلی سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی لمیٹڈ (سی پی پی اے-جی) کو فروخت کرنا اس کی ذمہ داری ہے۔